کوہاٹ، کراچی سمیت ملک بھر میں زلزلے کے جھٹکے

اپ ڈیٹ 02 فروری 2019
میٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش تھا—فائل/فوٹو:رائٹرز
میٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش تھا—فائل/فوٹو:رائٹرز

کراچی، خیبر پختونخوا (کے پی) کے ضلع کوہاٹ اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں 5 اعشاریہ 8 شدت کا زلزلہ آیا تاہم کسی قسم کے نقصان کی کوئی رپورٹ نہیں آئی۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کے نیشنل سیزمک مانیٹرنگ سینٹر اسلام آباد کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا جس کی گہرائی 208 کلومیٹر اور ریکٹر سیل میں اس کی شدت 5.8 تھی۔

میٹ ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں صبح 7 بج کر 38 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت 2.9 تھی۔

بعد ازاں دوپہر ایک بج کر 29 منٹ پر ایک مرتبہ پھر لانڈھی اور متعدد علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت 2.8 ریکارڈ کی گئی۔

کے پی میں کوہاٹ کے علاوہ پشاور، ہری پور، مانسہرہ اور دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاوہ پنجاب کے شہروں سرگودھا، میانوالی، ساہیوال اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے جہاں عوام میں خوف وہراس پھیل گیا۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں جھٹکے کے محسوس کیے گئے جبکہ صارفین ٹویٹر اور سوشل میڈیا کے دیگر ذرائع میں اس حوالے سے سوالات کرتے رہے۔

کے پی کے ضلع کوہاٹ میں زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی جہاں شہری خوف کے باعث گھروں سے باہر نکل آئے تاہم کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے شمالی علاقوں میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جہاں شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی۔

امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا تھا کہ دوسرا زلزلہ انڈونیشیا کے جزیرہ سماٹرا میں ریکارڈ کیا گیا جہاں زلزلے کی شدت 6.1 تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں