بھارتی جارحیت، پاکستانی ستارے امن کے خواہاں

اپ ڈیٹ 27 فروری 2019
اسٹارز نے سوشل میڈیا پر امن کا پیغام دیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
اسٹارز نے سوشل میڈیا پر امن کا پیغام دیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

جہاں اس وقت سوشل میڈیا پر بھارت کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر پاکستانی عوام کی جانب سے شدید احتجاج کیا جارہا ہے وہیں پاکستانی شوبز شخصیات نے بھی بھارتی جارحیت کو امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے جنگ کو مسترد کردیا۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ستاروں نے سوشل میڈیا پر جنگ کو مسترد کرتے ہوئے امن کا پیغام دیا، ان ستاروں میں ماہرہ خان، فرحان سعید، ماورا حسین وغیرہ شامل ہیں۔

اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ’جنگ کی خواہش کرنے سے زیادہ جہالت کسی دوسری بات میں نہیں، یہ بہت بدصورت خیال ہے‘۔

ماورا حسین کا کہنا تھا کہ ’اگر ہم انسانی جانوں کی اہمیت کو سمجھیں تو جنگ میں کوئی نہیں جیتتا، اب وقت ہے کہ ہم اس بات کو انسان بن کر ہی سمجھیں، ہماری ذمہ داری امن پھیلانا اور اپنے الفاظ کو بہتری کیلئے استعمال کرنا
ہے بجائے کے ہم بدترین سوچ اختیار کرلیں‘۔

اداکار فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ ’جنگ اس بات کا تعین نہیں کرتی کہ کون صحیح تھا، صرف اس بات کا تعین کرتی ہے کہ پیچھے کون رہ گیا، ہمیں جنگ نہیں چاہیے‘۔

کامیڈین زید علی کے مطابق ’جو افراد جنگ کی خواہش کررہے ہیں انہیں ان کے گھروں سے باہر لایا جائے اور ان سے ہی جنگ کروائی جائے، ٹویٹ کرنا بہت آسان ہے، لیکن ایک مرتبہ ان تمام فوجیوں کے بارے میں سوچیں جو ایسی جنگوں میں زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں‘۔

اداکارہ ارمینہ خان نے ’سے نو ٹو وار‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ ’اچھے وقتوں میں امن کی بات کرنا آسان ہے، لیکن جب وقت مشکل ہو تب ہی آپ کے کردار کو آزمایا جاسکتا ہے‘۔

گلوکار فرحان سعید نے جنگ کی جگہ امن کا انتخاب کیا۔

گلوکارہ حدیقہ کیانی کا کہنا تھا کہ ’ہمیں امن چاہیے، ہم بات کرنا چاہتے ہیں، ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں، جنگ کوئی خوش ہونے والی بات نہیں ہے، ہم یہاں اصل زندگیوں کی بات کررہے ہیں‘۔

اداکار ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ آگے بڑھنے کے لیے سب سے ضروری امن ہی ہے۔

صنم سعید کے مطابق ’کوئی پرجم اتنا بڑا نہیں ہوتا جو بیہمانہ قتل کیے گئے معصوموں کا کفن بن سکے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں