امریکا کا اسامہ بن لادن کے بیٹے کی معلومات پر انعام کا اعلان

01 مارچ 2019
حمزہ بن لادن، القاعدہ کے سربراہ کے طور پر ابھر رہا ہے، امریکی حکام — فائل فوٹو: اے پی
حمزہ بن لادن، القاعدہ کے سربراہ کے طور پر ابھر رہا ہے، امریکی حکام — فائل فوٹو: اے پی

امریکا نے عالمی دہشت گرد تنظیم 'القاعدہ' کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے ایک بیٹے سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے کے لیے 10 لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کردیا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ حمزہ بن لادن، القاعدہ کے سربراہ کے طور پر ابھر رہا ہے۔

اس سے متعلق خیال کیا جارہا ہے کہ وہ افغانستان اور پاکستان کے سرحدی علاقے میں موجود ہیں۔

حالیہ برسوں میں حمزہ کی طرف سے کئی آڈیو اور ویڈیو پیغامات جاری کیے گئے ہیں جن میں اس نے القاعدہ کے جنگجوؤں سے امریکا اور اس کے مغربی اتحادیوں پر اپنے والد کی موت کا بدلہ لینے کے لیے حملہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ورلڈ ٹریڈ سینٹر حملہ: ’اسامہ بن لادن کے بیٹے نے ملزم کی بیٹی سے شادی کرلی‘

2011 میں امریکا کی خصوصی افواج نے پاکستان کے شہر ایبٹ آباد کے ایک کمپاؤنڈ میں اسامہ بن لادن کو ہلاک کر دیا تھا۔

ان کی سربراہی میں القاعدہ نے 11 ستمبر 2001 کو امریکا میں حملہ کیا تھا جس میں لگ بھگ 3 ہزار افراد مارے گئے تھے۔

قبل ازیں سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے حمزہ بن لادن کی شہریت منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مارچ 2018 میں ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں انہوں نے سعودی شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ ملک کے بادشاہ کے خلاف لڑائی کی تیاری کریں۔

یہ بھی پڑھیں: کیا حمزہ بن لادن القاعدہ کے مؤثر ترین رہنما ہوں گے؟

حمزہ بن لادن کو امریکا نے دو سال قبل عالمی دہشت گرد قرار دیا تھا۔

اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ سے ملنے والے خطوط سے یہ واضح ہوا تھا کہ حمزہ ان کا پسندیدہ بیٹا تھا جس نے القاعدہ میں ان کی جگہ لینی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں