کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے مزید آگ بھڑک رہی ہے، کور کمانڈرز کانفرنس

07 مارچ 2019
نیشنل ایکشن پلان 2014 کے تحت مختلف امور پر بھی بات کی گئی—فوٹو: آئی ایس پی آر
نیشنل ایکشن پلان 2014 کے تحت مختلف امور پر بھی بات کی گئی—فوٹو: آئی ایس پی آر

راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس کے دوران پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے جیو اسٹریٹجک ماحول میں آنے والی تبدیلی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اجلاس کے دوران عزم کا اظہار کیا گیا کہ دفاع وطن کے لیے کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائےگا۔

یہ بھی پڑھیں: کور کمانڈر اجلاس: جیو اسٹریٹجک ماحول میں تبدیلی پر تبادلہ خیال

اجلاس میں پلوامہ واقعے کے بعد آزاد کشمیر میں بھارت کی بڑھتی ہوئی دراندازی اور لائن آف کنٹرول پر شہریوں کو نشانہ بنانے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان 2014 کے تحت مختلف امور پر بھی بات کی گئی۔

کور کمانڈر اجلاس میں کہا گیا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے محض ’آگ بھڑک‘ رہی ہے جسے خطے میں امن کی بقا کے لیے روکنے کی ضرورت ہے۔

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے فورسز کے حوصلے اور کارکردگی سمیت عوام کی حمایت کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری اور نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے۔

آرمی چیف نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کےحکومتی فیصلوں پر عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان امن، استحکام اور کامیابی کی جانب گامزن ہے اور کوئی بھی ہمیں خوفزدہ کرکے پیچھے ہٹنے پر مجبور نہیں کرسکتا۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واضح کیا کہ پالیسی اور فورسز کے طاقت کا استعمال صرف ریاست کا استحقاق ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں