کراچی: آن لائن ٹیکسی سروس کا ایک اور ڈرائیور قتل

اپ ڈیٹ 09 مارچ 2019
پولیس کے مطابق یہ ڈکیتی کی واردات نہیں ہے — فائل فوٹو/ اے ایف پی
پولیس کے مطابق یہ ڈکیتی کی واردات نہیں ہے — فائل فوٹو/ اے ایف پی

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے معروف ٹیکسی سروس کریم کے ڈرائیور کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت سلیم کے نام سے ہوئی، جن کا تعلق سرگودھا سے ہے اور ان کی لاش جس کار سے برآمد ہوئی اس کا رجسٹریشن نمبر BGV-846 ہے۔

پولیس نے بتایا کہ لاش، جس کار سے برآمد کی گئی، وہ ڈیفنس میں دختران عوام اسکول کے قریب موجود تھی جبکہ واقعے کے حوالے سے ڈی ایچ اے حکام نے پولیس کو اطلاع دی تھی۔

مزید پڑھیں: اوبر ڈرائیور کے قتل میں ممکنہ روایتی کاروباری مخاصمت ہوسکتی، پولیس

پولیس کے مطابق مقتول کو 2 گولیاں لگی ہیں اور ابتدائی تفتیش کے بعد معلوم ہوا ہے کہ مقتول کے پاس موجود پرس میں 5 ہزار روپے تھے جبکہ اس کے 2 موبائل فون بھی اس کے پاس موجود تھے، جس سے اندازہ لگایا گیا کہ بظاہر یہ ڈکیتی کی واردات نہیں۔

پولیس نے مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کرنے کے لیے جناح ہسپتال منتقل کردی جبکہ جائے وقوع سے شواہد جمع کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔

واضح رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں جس میں ملک میں چلنے والی آن لائن ٹیکسی سروس کے کسی ڈرائیور کو قتل کیا گیا ہے، اس سے قبل بھی ایسے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔

یاد رہے کہ 2017 میں کراچی کے علاقے کورنگی میں اوبر کے ڈرائیور کو گاڑی میں مردہ پایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: رائیڈ ہیلنگ کمپنی کے ڈرائیور کے ’قتل‘ کی تحقیقات میں پیشرفت

فروری 2018 میں اسلام آباد کے جی 13 سیکٹر میں ایک اور واقعے میں کریم کے ہی ڈرائیور کو قتل کیا گیا تھا۔

علاوہ ازیں مارچ 2018 میں راولپنڈی میں کریم کے 22 سالہ ڈرائیور کو قتل کیا گیا تھا جس کے حوالے سے پولیس نے خدشہ ظاہر کیا تھا انہیں ڈکتیی کے دوران مزاحمت پر قتل کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں