کینیا: ایتھوپین ایئرلائنز کا طیارہ گر کر تباہ،157 مسافر ہلاک

اپ ڈیٹ 10 مارچ 2019
طیارہ ایتھوپیا سے کینیا جارہا تھا— فائل فوٹو/ اے ایف پی
طیارہ ایتھوپیا سے کینیا جارہا تھا— فائل فوٹو/ اے ایف پی

ایتھوپین ایئر لائنز کا مسافر طیارہ ادیس بابا سے کینیا کے دارالحکومت نیروبی جاتے ہوئے حادثے کے باعث گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 157 مسافر ہلاک ہوگئے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ایتھوپیا کے وزیراعظم ابی احمد کے دفتر سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ 'ایتھوپیا کے عوام اور حکومت کی جانب سے وزیراعظم ہاؤس، ایتھوپین ایئر لائنز کے بوئنگ 737 طیارے کے گر کر تباہ ہونے کے واقعے پر اس میں سوار افراد کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں'۔

ایئرلائنز کے ترجمان نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ طیارے میں 149 مسافر اور عملے کے 8 افراد سوار تھے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جہاز میں سواز تمام مسافر ہلاک ہوگئے۔

مزید پڑھیں: کینیا: ڈیم ٹوٹنے سے سیلاب کے باعث 44 افراد ہلاک

ترجمان نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتایا کہ 'حادثہ صبح 8 بجکر 44 منٹ پر پیش آیا'۔

خیال رہے کہ حادثے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایئرلائنز نے ایک جاری بیان میں کہا کہ فلائٹ نمبر ای ٹی 302 میں 149 مسافر سوار تھے۔

بیان کے مطابق مسافر جہاز نے مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجکر 38 منٹ پر بولے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھری تھی جس کے 6 منٹ بعد ہی اُس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: کینیا: صومالی عسکریت پسندوں کے حملے میں147 طلبہ ہلاک

بیان میں مزید کہا گیا کہ 'حادثے کے فوری بعد سرچ اور ریسکیو آپریشن کا آغاز کردیا گیا' اور ساتھ ہی بتایا کہ حادثے میں بچ جانے والوں یا ہلاک ہونے والے مسافروں کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا اور اس حوالے سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے مذکورہ حادثے پر اظہار تعزیت کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں انڈونیشیا میں ایک مسافر طیارہ بوئنگ 800-737 ایم اے ایکس ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے کے کچھ دیگر بعد گر کر تباہ ہوگیا تھا، حادثے میں 189 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اس سے قبل 2010 میں لبنان کے ایئرپورٹ سے اڑان بھرنے والا ایتھوپین ایئر لائنز کا مسافر طیارہ بوئنگ 800-737 ایم اے ایکس گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس میں 83 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں