170 ممالک کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اعلان جلد متوقع

14 مارچ 2019
ابتدائی مرحلے میں ترکی، چین، ملیشیا، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کو ای ویزا سہولت فراہم کی جائے گی — فائل فوٹو/وزیر اعظم انسٹاگرام اکاؤنٹ
ابتدائی مرحلے میں ترکی، چین، ملیشیا، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کو ای ویزا سہولت فراہم کی جائے گی — فائل فوٹو/وزیر اعظم انسٹاگرام اکاؤنٹ

پاکستان کی جانب سے سیاحوں اور سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے 170 ممالک کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اعلان جلد متوقع ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان 170 ممالک کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ویزا پالیسی میں نرمی کے لیے ابتدائی مرحلے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ای ویزا سہولت کو 5 ممالک، جن میں ترکی، چین، ملیشیا، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں، تک بڑھایا جائے۔

پائلٹ پروجیکٹ کی کامیابی کے بعد اس سہولت کو بعد ازاں 170 ممالک تک بڑھایا جائے گا۔

مزید پڑھیں: حج کیلئے ای ویزا سروس، امیگریشن کلیئرنس کیلئے حکومتی کوششیں جاری

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسافروں کی شناخت کا نظام کراچی اور لاہور ایئرپورٹس پر نصب کردیا گیا ہے اور اسے ملک کے دیگر ایئرپورٹس پر بھی نصب کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بزنس ویزا 90 ممالک کو دیے جائیں گے جبکہ 55 ممالک کو ویزا آن آرائیول (آمد پر ویزا) دیا جائے گا۔

قبل ازیں آمد پر ویزا کی سہولت صرف 24 ممالک کے شہریوں کے لیے تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ایتھلیٹس کو ویزا دینے سے انکار، بھارت پر پابندی کا امکان

حکومت نے غیر ملکی صحافیوں کے لیے ویزا پالیسی مرتب کر رہی ہے، بالخصوص وہ جو مغربی ممالک سے تعلق رکھتے ہیں اور حکومت کو اُمید ہے کہ اس اقدام سے پاکستانی صحافیوں کو بھی دیگر ممالک کے ویزا ملنے میں آسانی ہوگی۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت بھارتی حکام کو خط لکھے گی کہ بھارتی انتخابات کی کووریج کرنے والے پاکستانی صحافیوں کو ویزا جاری کیا جائے۔

تبصرے (0) بند ہیں