عمران خان کی ہدایت پر آسٹریلین طرز کا ڈومیسٹک کرکٹ ماڈل تیار

اپ ڈیٹ 01 اپريل 2019
فرسٹ کلاس، نیشنل ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپ میں 6 ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی — فائل فوٹو: اے ایف پی
فرسٹ کلاس، نیشنل ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپ میں 6 ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی — فائل فوٹو: اے ایف پی

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ کے نظام کو تبدیل کرتے ہوئے آسٹریلین کرکٹ کی طرز کا مجوزہ ماڈل تیار کرلیا۔

نیا ماڈل پی سی بی کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم عمران خان کے دستخط کے بعد نافذ العمل ہوگا۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل چیئرمین پی سی بی نے چیف آپریٹنگ افسر (سی ای او) سبحان احمد اور ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ہارون رشید سیمت بورڈ کے دیگر حکام کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی۔

اس ملاقات کے دوران پی سی بی وفد نے وزیراعظم عمران خان کے حکم پر ڈومیسٹک کرکٹ میں اصلاحات سے متعلق ریجنز اور ڈپارٹمنٹس کا مسودہ تیار کیا تھا۔

مزید پڑھیں: کارکردگی کے تسلسل کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ بہتر بنانا ہوگی، وسیم خان

اس مسودے کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹیموں کی تعداد 8 رکھی گئی تھی تاہم عمران خان نے اس مسودے کو مسترد کردیا تھا۔

وزیراعظم نے پی سی بی کو ہدایت کی تھی کہ وہ آسٹریلین کرکٹ کے طرز کا فرسٹ کلاس ماڈل تیار کریں جس میں صرف 6 ٹیمیں شامل ہوں۔

تاہم ذرائع کے مطابق آج (30 مارچ کو) پی سی بی نے نئے ڈومیسٹک نظام کا مسودہ تیار کرلیا ہے جو وزیراعظم کی منظوری کے بعد نافذالعمل ہوجائے گا۔

اس مسودے کے مطابق اب پاکستان کی ریجنل و ڈومیسٹک ٹیموں کی تعداد 6 ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ’آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے ذریعے نوجوان کھلاڑی ورلڈ کپ اسکواڈ میں جگہ بنا سکتے ہیں‘

ان میں سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ایک ایک ٹیمیں، پنجاب کی 2 جبکہ اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور پرانے روالپنڈی ریجن پر مشتمل ایک ٹیم تیار کی جائے گی۔

قائدِ اعظم ٹرافی، نیشنل ون ڈے کپ اور نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں یہی 6 ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی۔

نئے سسٹم کے تحت پاکستان کا فرسٹ کلاس سیزن 15 ستمبر سے 15 اپریل تک کھیلا جائے گا، جس کا آغاز ون ڈے کپ سے ہو گا۔

ون ڈے کپ 2 راؤنڈز پر مشتمل ہوگا جس کا آغاز 15 ستمبر جبکہ اختتام 5 اکتوبر کو ہوگا، جہاں ہر ٹیم 10، 10 میچز کھیلے گی۔

مزید پڑھیں: چھوٹے میاں سبحان اللہ! پی ایس ایل کے نئے اسٹارز

اس کے بعد 20 اکتوبر سے 4 روزہ کرکٹ کا آغاز ہوگا اور یہ بھی 2 راؤنڈز پر مشتمل ہوگا جس کا پہلا مرحلہ 20 اکتوبر سے 20 دسمبر جبکہ دوسرا مرحلہ 23 دسمبر سے 23 جنوری تک کھیلا جائے گا۔

پہلے راؤنڈ میں 6 ٹیمیں مد مقابل ہوں گی جو 10، 10 میچز کھیلیں گی جبکہ دوسرے راؤنڈ میں بہترین 4 ٹیمیں پہنچیں گی جو تین تین میچز کھیلیں گی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی طرز پر نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کھیلا جائے گا جس کے لیے ٹیموں کی تعداد بھی 6 ہوگی۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ یکم فروری سے 25 فروری تک کھیلا جائے گا۔

چئیرمین پی سی بی جلد نئے سسٹم کے نفاذ کے لیے وزیراعظم عمران خان سے منظوری لیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں