• KHI: Maghrib 6:13pm Isha 7:28pm
  • LHR: Maghrib 5:40pm Isha 7:01pm
  • ISB: Maghrib 5:44pm Isha 7:07pm
  • KHI: Maghrib 6:13pm Isha 7:28pm
  • LHR: Maghrib 5:40pm Isha 7:01pm
  • ISB: Maghrib 5:44pm Isha 7:07pm

یوٹیوب کا مولانا طارق جمیل کیلئے اعزاز

شائع April 1, 2019
مولانا طارق جمیل نے خود اس گولڈن پلے بٹن کو ان باکس کیا—اسکرین شاٹ
مولانا طارق جمیل نے خود اس گولڈن پلے بٹن کو ان باکس کیا—اسکرین شاٹ

دنیا کی مقبول ترین ویڈیو اسٹریمنگ و شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے عالمی شہرت یافتہ عالم دین مولانا طارق جمیل کو منفرد اعزاز سے نواز دیا۔

مولانا طارق جمیل ایک معروف پاکستانی مبلغ اور عالم دین ہیں اور دنیا بھر میں وہ دین کی دعوت و تبلیغ کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں، ان کی انہی تبلیغ کی کوششوں کے باعث کئی گلوکار، اداکار اور کھلاڑیوں کی زندگیوں میں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔

جہاں معروف عالم دین کی کاوشوں کا اعتراف دنیا بھر میں کیا جاتا ہے وہیں اب سرچ انجن گوگل کی ذیلی کمپنی یوٹیوب نے بھی ان کی خدمات کو تسلیم کرلیا اور انہیں یوٹیوب کے مخصوص ’گولڈن پلے بٹن‘ کے ایوارڈ سے نوازا ہے۔

مزید پڑھیں: مولانا طارق جمیل کی صحت بہتر، گھر منتقل

یوٹیوب کی جانب سے یہ بٹن ان کی ویب سائٹ پر موجود ’طارق جمیل آفیشل‘ چینل پر ایک ملین (10 لاکھ) سے زائد سبسکرائبر ہونے کے اعزاز میں دیا گیا ہے جبکہ اس وقت چینل پر سبسکرائبر کی تعداد 13 لاکھ سے زائد ہے۔

ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ کی جانب سے کسی چینل کو اس بٹن سے نوازنا ایک انعام کے ساتھ ساتھ اس بات کا اعتراف بھی ہوتا ہے کہ اسے سب سے زیادہ مشہور چینلز میں شامل کیا گیا ہے۔

مولانا طارق جمیل کے چینل کو دیے گئے اس اعزازی بٹن کو خود مولانا طارق جمیل نے کھولا اور اس کی ویڈیو بھی شیئر کی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مولانا طارق جمیل گولڈن پلے بٹن کو ’ان باکس‘ کرتے ہوئے اپنے تمام چاہنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

یوٹیوب کی جانب سے بھیجے گئے اس گولڈن اعزازی بٹن پر مولانا طارق جمیل کے چینل ’طارق جمیل آفیشل‘ کا نام تحریر ہے اور وہ اسے دکھا رہے ہیں۔

ویڈیو کے دوران وہ کہتے ہیں کہ طارق جمیل آفیشل چینل پر سامعین اور ناظرین سے وقتاً فوقتاً بات کرتا رہوں گا اور مختلف بیانات کے کلپس بھی اپ لوڈ ہوتی رہیں گی۔

تاہم اس موقع پر مولانا طارق جمیل نے ایک وضاحت کی کہ مجھ سے بہت سی ایسی غیر ذمہ دارانہ باتیں منسوب ہوتی رہتی ہیں حالانکہ میں اس سے بری الذمہ ہوں اور ایسی باتوں کو مجھ سے منسوب نہ کیا جائے۔

یوٹیوب پلے بٹنز کیا ہیں؟

دنیا کی مشہور یہ ویڈیو ویب سائٹ اپنے پلیٹ فارم کو استعمال کرنے اور اس پر مواد ڈالنے والے افراد کی خدمات کو تسلیم کرتی ہے اور انہیں مختلف بٹنز سے نوازتی ہے۔

یوٹیوب پلے بٹنز، یوٹیوب کرئیٹر ریوارڈ کا ایک حصہ ہے جو اس بات کا اعتراف ہے کہ آپ کا چینل یوٹیوب پر کافی مشہور ہے۔

یہ یوٹیوب ایوارڈ سے مختلف ہوتا ہے، تاہم یہ اس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ ویڈیو ویب سائٹ پر آپ کے چینلز کی ویڈیوز کا معیار بہترین ہے اور لوگ آپ کے چینلز کو پسند کرتے ہیں۔

یوٹیوب کی جانب سے یہ ریوارڈ چینل کے سبسکرائبر کی تعداد پر انحصار کرتا ہے لیکن یہ یوٹیوب کا صوابدیدی اختیار ہے کہ وہ کسے اس ایوارڈ سے نوازے، اس سلسلے میں ایوارڈ دینے سے قبل چینل کا باقاعدہ جائزہ لیا جاتا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ چینل نے یوٹیوب کمیونٹی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کیا یا نہیں، اسی طرح یوٹیوب یہ اختیار بھی رکھتا ہے کہ وہ کسی بھی کرئیٹر کے ریوارڈ سے انکار کردے۔

یہ بھی پڑھیں: یوٹیوب نے خاموشی سے انتہائی کارآمد فیچر متعارف کرادیا

ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب کی جانب سے اس پلے بٹن کے مجموعی طور پر 4 کٹیگری سلور، گولڈن، ڈائمنڈ اور کسٹم ہیں، جن میں سے 3مختلف ہیں جبکہ ایک 2 مرتبہ پیش کیا جاتا ہے، تاہم ہر ٹرافی کا سائز مختلف ہوتا ہے اور سبسکرائبر کے حساب سے بٹن کے سائز میں تبدیلی ہوتی ہے۔

سلور پلے بٹن: یوٹیوب پر جب کوئی چینل ایک لاکھ سبسکرائبر کی حد کو عبور کرتا ہے تو وہ سلور کٹیگری میں شامل ہوجاتا ہے اور ویب سائٹ کی جانب سے چینل کا نام تحریر کرکے کرئیٹر کو وہ بٹن دیا جاتا ہے۔

گولڈن پلے بٹن: اس ایوارڈ کو حاصل کرنے کے لیے یوٹیوب پر چینل کے سبسکرائبر کی حد 10 لاکھ سے تجاوز کرنی چاہیے، جس کے بات آپ یوٹیوب کی اس کیٹیگری میں شامل ہوتے ہیں، جس میں آپ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے آپ کے چینل کے نام کے ساتھ گولڈن پلے بٹن دیا جاتا ہے۔

ڈائمنڈ پلے بٹن: یوٹیوب کے اس اعزاز کو حاصل کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں، اس کے لیے ویب سائٹ پر چینل کے ایک کروڑ سے زائد سبسکرائبر ہونا ضروری ہیں جبکہ اب تک صرف دنیا بھر میں 374 چینلز ہی اس تعداد تک پہنچ چکے ہیں۔

کسٹم پلے بٹن: یہ ایوارڈ یوٹیوب کا سب سے بڑا ایوارڈ ہے جو 5 کروڑ سبسکرائبر کی تعداد کو حد کرنے کے بعد دیا جاتا ہے، اس منفرد ایوارڈ کے حصول کےلیے اب تک صرف 3 چینل ایسے ہیں جو یوٹیوب کی بتائی گئی حد کو عبور کر چکے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 7 اکتوبر 2024
کارٹون : 6 اکتوبر 2024