دنیا کے امیر ترین شخص کی مہنگی ترین طلاق

04 اپريل 2019
جیف بیزوز اور ان کی سابقہ اہلیہ میکنزی — رائٹرز فوٹو
جیف بیزوز اور ان کی سابقہ اہلیہ میکنزی — رائٹرز فوٹو

دنیا کا امیر ترین جوڑا ایک دوسرے سے الگ ہوگیا ہے اور اس حوالے سے انہوں نے تمام معاملات کو طے کرلیا ہے۔

جی ہاں دنیا کے امیر ترین شخص اور ایمازون کے بانی جیف بیزوز اور ان کی اہلیہ میکنزی شادی کے 25 سال بعد ایک دوسرے سے الگ ہوگئے ہیں۔

اس فیصلے کا اعلان دونوں نے رواں سال جنوری میں کیا تھا اور اب مالی معاملات کو طے کرنے کے بعد باضابطہ طور پر علیحدگی کا بیان دونوں نے الگ الگ ٹوئیٹس کی شکل میں جاری کیا۔

میکنزی بیزوز نے اپنے ٹوئیٹ میں لکھا کہ جیف بیزوز اور انہوں نے علیحدگی کے عمل کو مکمل کرلیا ہے اور انہیں ایمازون میں جیف بیزوز کے 25 فیصد شیئرز ملیں گے۔

ٹوئیٹ میں مزید بتایا کہ میکنزی وہ جیف بیزوز کو ایمازون کے 75 فیصد اسٹاک دینے پر خوش ہیں جبکہ اپنے حصص کا ووٹنگ کنٹرول بھی وہ سابق شوہر کو دے رہی ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے واشنگٹن پوسٹ اور بلیور اوریجن میں اپنے شیئر بھی جیف بیزوز کے سپرد کردیئے۔

اب میکنزی ایماوزن کے 4 فیصد شیئر کی مالک بن چکی ہیں اور اس کمپنی کی تیسری بڑی شیئر ہولڈر بن چکی ہیں۔

مجموعی طور پر میکنزی ایمازون کے شیئرز کی بدولت 35.6 ارب ڈالرز کی مالک بن چکی ہیں، جبکہ جیف بیزوز اب بھی 115 ارب ڈالرز کے مالک ہونے کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں کیونکہ دوسرے نمبر پر موجود بل گیٹس کے اثاثوں کی مالیت 102 ارب ڈالرز ہے۔

اس جوڑے کی جانب سے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن میں دائر کی گئی طلاق کی درخواست میں یہ تفصیلات سامنے آئیں اور طلاق کا حتمی دستاویز 90 دن میں جاری ہوگا۔

اس دستاویز کے مطابق اگر میکنزی اپنے شیئرز فروخت بھی کردیں تو بھی جیف بیزوز ان حصص کے ووٹنگ کنٹرول کو اپنے پاس رکھ سکیں گے اور ان کا یہ اختیار ایمازون کے بانی کی موت یا قانونی طور پر دستبرداری کی صورت میں ہی ختم ہوگا۔

جنوری میں اس جوڑے کی جانب سے بیان میں بتایا گیا تھا ' طویل عرصے تک الگ رہنے کے بعد ہم نے طلاق کا فیصلہ کیا ہے، مگر بطور دوست اپنی زندگیوں کو شیئر کرتے رہیں گے'۔

بیان کے مطابق 'ہم بہت زیادہ خوش قسمت ہیں جو ایک دوسرے کو تلاش کرنے میں کامیاب رہے، اگر ہمیں معلوم ہو کہ ہم 25 سال بعد الگ ہوجائیں گے تو ہم دوبارہ ایسا کرتے'۔

54 سالہ جیف بیزوز اور 48 سالہ میکنزی کی ملاقات نیویارک کی ایک کمپنی میں کام کرتے ہوئے ہوئی تھی اور انہوں نے شادی کا فیصلہ کرلیا تھا۔

اس کے فوری بعد وہ نیویارک سے سیٹیل منتقل ہوگئے جہاں جیف بیزوز نے اپنی کمپنی ایمازون کا آغاز کیا۔

یہ بھی پڑھیں : معمولی ملازمت سے دنیا کا دوسرا امیر ترین شخص بننے کا سفر

جیف بیزوز اس وقت دنیا کے امیر ترین شخص ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت بلومبرگ بلین ایئر انڈیکس کے مطابق 150 ارب ڈالرز ہے، اور یہ طلاق دنیا کی مہنگی ترین طلاق ہے۔

میکنزی نے متعدد ناول تحریر کیے۔

گزشتہ سال اس جوڑے نے 2 ارب ڈالرز کے فنڈ کے قیام کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد بے گھر خاندانوں کی مدد کرنا جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے بچوں کی تعلیم کے لیے ایک نیٹ ورک تشکیل دینا تھا۔

ان دونوں کے 4 بچے ہیں۔

خیال رہے کہ جیف بیزوز بنیادی طور پر متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے فرد ہیں جنھوں نے عملی زندگی کا آغاز بھی ایک معمولی ملازمت سے کیا تھا، مگر بہت جلد ترقی کی اور پھر اپنے آن لائن کاروبار کی بنیاد رکھی۔

1994 میں قائم کی جانے والی کمپنی آمیزون اس وقت امریکا سمیت متعدد ممالک میں آن لائن ریٹیل خریداری میں آگے ہے تاہم اسے اصل میں انٹرنیٹ بک اسٹور کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں