روپے کی قدر مزید کم نہیں ہو گی، وزیر خزانہ

اپ ڈیٹ 05 اپريل 2019
وزیر خزانہ کہا کہ آئی ایم ایف نے مذاکرات میں ایکسچینج ریٹ پر کوئی بات نہیں کی— فائل فوٹو: رائٹرز
وزیر خزانہ کہا کہ آئی ایم ایف نے مذاکرات میں ایکسچینج ریٹ پر کوئی بات نہیں کی— فائل فوٹو: رائٹرز

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے روپے کی قدر مزید کم نہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے لوگوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کریں اور ڈالر خرید کر پیسہ ضائع نہ کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال خصوصاً اگست میں تحریک انصاف حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک روپے کی قدر میں 25فیصد کمی واقع ہو چکی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی ترقی کی شرح نیپال اور مالدیپ سے بھی کم رہے گی، اقوام متحدہ

اس تمام عرصے میں حکومت کی مکمل توجہ ادائیگیوں میں توازن کے بحران سے نمٹنے پر مرکوز ہے اور وہ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے قرض کے حصول کے لیے مذاکرات میں مصروف ہے۔

نومبر 2013 کے بعد مہنگائی کی شرح رواں سال مارچ میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے جہاں روپے کی قدر میں بے انتہا کمی کے سبب توانائی کی قیمتوں میں خصوصاً تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ آج اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنے واضح بیان میں کہا ہے کہ روپیہ توازن میں آ گیا ہے لہٰذا روپے کی قدر میں زیادہ کمی کی کوئی وجہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات میں اس بارے میں کوئی مطالبہ نہیں کیا گیا کہ ایکسچینج ریٹ کیا ہونا چاہیے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ روایتی طور پر پاکستانی معیشت کو ہونے والے نقصانات کے سبب ایکچینج ریٹ مالیت سے زیادہ رکھتا ہے، روپے کو اس کی بنیاد کے مساوی ہونا چاہیے اور اس کا بینچ مارک ریئل افیکٹو ایکسچینج ریٹ ہونا چاہیے۔

انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ڈالر خرید کر اپنے پیسے ضائع نہ کریں اور اس کے بجائے اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کریں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا

مالیاتی امور کے ماہر اور بی ایم اے کیپیٹل مینجمنٹ لمیٹڈ کے شعبہ تحقیق کے سربراہ نے فواد خان کہا کہ روپیہ کی قدر لچکدار رہے گی لیکن اس کی قدر میں زیادہ کمی کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔

فواد خان نے مزید کہا کہ وزیر خزانہ کے بیان سے استحکام لانے میں مدد ملے گی کیونکہ مجموعی طور پر ان کے بیان کو ایکویٹی مارکیٹ نے مثبت انداز میں لیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں