اگلے ڈیڑھ سال معیشت پر مزید بھاری گزریں گے، وزیر مملکت

11 اپريل 2019
’اب روپے کی قدر اصل قدر کے قریب ہے‘—فوٹو: ڈان نیوز
’اب روپے کی قدر اصل قدر کے قریب ہے‘—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں اگلے ڈیڑھ سال معیشت پر مزید بھاری گزریں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ’وزیراعظم عمران خان، وزیر خزانہ اسد عمر اور میں اس مسئلے پر یکساں موقف رکھتے ہیں کیونکہ ماضی میں جس بری طرح سے معیشت کو نقصان پہنچایا گیا اسے ٹھیک کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے‘۔

مزیدپڑھیں: ملکی معیشت کا بحرانی مرحلہ گزر گیا، وفاقی وزیر خزانہ

ان کا کہنا تھا کہ ’سیاسی مخالفین کہتے ہیں کہ ہم ماضی کی باتیں نہ کریں بلکہ مستقبل کی پالیسی کا تذکرہ کریں لیکن ماضی کی معاشی پالیسیوں کے اثرات سے متاثر ہو رہے ہیں تو مستقبل کے بارے میں کیا بات کریں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’جو پالیسی ہم مرتب کررہے ہیں وہ خراب معاشی پالیسی کے اثرات کو درست کردے گی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’کراچی کے ساحل سے 250 کلومیڑ دور ڈرلنگ جاری ہے اور اگر گیس کے ذخائر دریافت ہو گئے تو ماہرین کی رائے ہے کہ وہ معدنی ذخائر دنیا کی 10 بڑی معدنیات میں شامل ہوجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کی معاشی ترقی میں کمی کی پیشگوئی

وزیر ریونیو نے کہا کہ ’فیصل واڈا نے معدنی ذخائر سے متعلق بیان میں صرف امید ظاہر کی تھی‘۔

حماد اظہر نے کہا کہ ’ریکارڈ کے لیے بتادوں کہ ہمیں روپے کی قدر میں کمی کیوں کرنی پڑی، جب ہمارے زرمبادلہ اگست میں اس قدر کم ہو گئے کہ ہم اپنے مختصرالمعیاد ادائیگی کرنے کے بھی قابل نہیں رہے اس لیے ایسی صورتحال میں روپے کی قدر کو مستحکم کرنے کے لیے مارکیٹ میں اربوں ڈالر ڈالنے کی سکت نہیں تھی‘۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’اب روپے کی قدر اصل قدر کے قریب ہے‘۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل: ملکی معیشت کی ترقی کا دروازہ؟

حماد اظہر نے واضح کیا کہ حمزہ شہباز اپنے کیس سے توجہ ہٹانے کیلئے غلط بیانی کررہے ہیں لیکن یہ طے شدہ ہے کہ کسی کو بھی این آر او نہیں ملے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں