پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کیلئے پی سی بی کا اہم اقدام

اپ ڈیٹ 17 اپريل 2019
مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان نے کسی بھی میچ کی میزبانی اپنے ملک میں نہیں کی— فائل فوٹو: اے ایف پی
مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان نے کسی بھی میچ کی میزبانی اپنے ملک میں نہیں کی— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں رواں سال ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی کی امید پیدا ہو گئی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں سال ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے سلسلے میں ٹیسٹ سیریز اپنی سرزمین پر کھیلنے کے لیے سری لنکا سے بات چیت شروع کردی ہے۔

ورلڈ کپ کے بعد جولائی سے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا آغاز ہو گا اور اسی سلسلے میں پاکستان نے سیریز کی اپنی سرزمین پر میزبانی کے لیے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے حوالے سے سری لنکن کرکٹ بورڈ سے مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔

مزید پڑھیں: آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کی ٹرافی پاکستان پہنچ گئی

جب ڈان نے پی سی بی آفیشل سے رابطہ کیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ مجوزہ ٹیسٹ میچز پر پی سی بی اور سری لنکن کرکٹ بورڈ کے درمیان مذاکرات جاری ہیں لیکن ابھی کچھ بھی طے نہیں ہوا۔

یاد رہے کہ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد سے پاکستان نے کسی بھی ٹیسٹ میچ کی میزبانی اپنی سرزمین پر نہیں کی۔

اس کے بعد سے پاکستان کو اپنی تمام ہوم سیریز متحدہ عرب امارات کے نیوٹرل مقام پر کھیلنی پڑیں البتہ وہاں سیریز کا انعقاد پر پی سی بی کی خطیر رقم خرچ ہوتی ہے اور اسی وجہ سے بورڈ ایک عرصے سے غیرملکی ٹیموں کو پاکستان آ کر کھیلنے کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

2015 میں زمبابوے کی ون ڈے سیریز میں میزبانی کرنے کے بعد ٹیسٹ کھیلنے والے تین ملکوں پر مشتمل ورلڈ الیون نے 2017 میں پاکستان کا دورہ کر کے تین ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلی تھی۔

پھر سری لنکا کی ٹیم ایک ون ڈے میچ کھیلنے پاکستان آئی تھی جس کے بعد ویسٹ انڈیز نے تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس کے بعد پی سی بی ملک میں عالمی کرکٹ کی مکمل بحالی کے حوالے سے آگے بڑھ رہا ہے۔

اس دوران ملک میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کا انعقاد بھی ہوتا رہا جس میں دنیا بھر کے سپر اسٹارز نے شرکت کی خصوصاً پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 8 میچز پاکستان میں منعقد ہوئے جس میں تمام ہی ٹیموں کے غیرملکی کھلاڑیوں نے کراچی آ کر میچز کھیلے۔

یہ بھی پڑھیں: ویرات کوہلی کیلئے مسلسل تیسری بار 'وِسڈن کرکٹر' کا اعزاز

ان تمام عالمی اور پی ایس ایل میچز کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا جسے غیرملکی کھلاڑی بھی سراہے بنا نہ رہ سکے اور پی سی بی کی ان کوششوں سے ملک میں عالمی کرکٹ کی واپسی کی امید روشن ہوئی۔

حال ہی منعقدہ پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز سے قبل پاکستان نے آسٹریلیا کو مذکورہ سیریز کے چند میچز پاکستان میں کھیلنے کی دعوت دی تھی لیکن مہمان ٹیم کے کرکٹ بورڈ نے اس پیشکش کو مسترد کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں