کراچی: 100 بھارتی ماہی گیر لانڈھی جیل سے رہا

14 اپريل 2019
پاکستان نے رواں ماہ 260 بھارتی قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کیا تھا—فوٹو:شاہد غزالی
پاکستان نے رواں ماہ 260 بھارتی قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کیا تھا—فوٹو:شاہد غزالی

پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت غیرقانونی طور پر سمندری حدود پار کرنے والے 100 بھارتی ماہی گیروں کو لانڈھی جیل سے رہا کردیا۔

کراچی کی لانڈھی جیل سے رہائی پانے والے 100 بھارتی ماہی گیروں کو کینٹ اسٹیشن سے بزنس ایکسپریس کے ذریعے لاہور پہنچایا جائے گا۔

بھارتی ماہی گیروں کو جیل سے سخت سیکورٹی میں کینٹ اسٹیشن لایا گیا جہاں سے وہ لاہور کے لیے روانہ ہوں گے۔

پاکستانی حکام کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کے تحت رہائی پانے والے قیدی دو سال سے کراچی کی جیل میں تھے جنہیں سمندری حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ لانڈھی جیل سے قید 360 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کرنے کا حکم نامہ جاری ہوچکا ہے جن میں 100 ماہی گیروں کو رہائی دی گئی جبکہ مزید 60 ماہی گیروں کو رواں ماہ ہی رہا کردیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:پاکستان کا 360 بھارتی قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان

رہائی پانے والے بھارتی ماہی گیر وں کو لاہور سے براستہ واہگہ بارڈر بھارت بھیج دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے 5 اپریل کو بھارت سے مثبت جواب کی توقع ظاہر کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ پاکستانی جیلوں میں قید 260 بھارتی شہریوں کو رواں ماہ چار مراحل میں رہا کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان 360 بھارتی قیدیوں کو رہا کرے گا جن میں سے 355 ماہی گیر اور 5 عام شہری ہیں جن کو چار مرحلوں میں چھوڑا جائے گا۔

قیدیوں کی رہائی کے مراحل سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ 8 اپریل، 15 اپریل اور 22 اپریل کو 100،100 اور 29 اپریل کو 60 قیدی رہا کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ 14 فروری کو پلوامہ میں بھارتی پیراملٹری فورس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان حالات کشیدہ ہوئے تھے اور 26 فروی کو بھارت نے پاکستانی علاقے بالاکوٹ میں کارروائی کا دعویٰ کیا تھا جس کے اگلے روز پاک فضائیہ نے بھارت کے دو طیارے مار گرائے تھے اور ایک پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار کرلیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی جیل میں تشدد سے جاں بحق ایک اور پاکستانی سپردخاک

پاکستان نے امن کی خاطر خیرسگالی کے طور پر بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو فوری طور پر رہا کردیا تھا اور واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا تھا لیکن اسی دوران بھارت کے جیل میں قید ایک پاکستانی کو مارا گیا تھا اور بھارت نے اس کی میت واہگہ بارڈر پر پاکستان کے حوالے کی تھی۔

دوسری جانب بھارتی جیل میں قید ایک پاکستانی ماہی گیر کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا تھا جس کے میت پاکستانی حکام کے حوالے کی گئی تھی اور انہیں 6 اپریل کو دفن کردیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں