حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، 2 منی ایکسچینج پر چھاپے

اپ ڈیٹ 18 اپريل 2019
دونوں کرنسی ایکسچینجز کےمالکان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے—تصویر:شکیل قرار
دونوں کرنسی ایکسچینجز کےمالکان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے—تصویر:شکیل قرار

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی اور منی لانڈرنگ کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے کرنسی ایکسچینجز کے 2 دفاتر پرچھاپے مار کر لاکھوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی اور کروڑوں روپے برآمد کرلیے۔

ایف آئی اے سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اسلام آباد کے بلیو ایریا اور ایف 10 مرکز میں منی ایکسچینج کمپنی کی 2 شاخوں پر چھاپے مارے گئے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد سرکل فخر سلطان وصال نے بتایا کہ اسلام آباد کے بلیوایریا میں قائم کی پراچہ کرنسی ایکسچینج لائسنس کےبغیر کام کر رہی تھی جس کے باعث ریکارڈ، غیرملکی و پاکستانی کرنسی قبضہ میں لے لی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف بھرپور کارروائی ہوگی، وزیر اطلاعات

مذکورہ کرنسی ایکسچینج کی برانچ سے9 ہزار 960 سعودی ریال ایک ہزار یورو، 2 ہزار 640 پاؤنڈز 31 سو آسٹریلین ڈالرز، 5 ہزار 30 امریکی ڈالر، 6 ہزار 335 اماراتی درہم، 100 قطری ریال، 401 چینی یو آن اور 24 لاکھ 700 روپے برآمد کیے گئے۔

اس کے ساتھ انٹرنیشنل ایکسچینج کمپنی کیٹ بی پر بھی چھاپا مارا گیا جو لائسنس ہولڈر تھی۔

چھاپے کے دوران ایکسچینج مالک اور ملازمین کے موبائل فون، رسیدوں اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی جبکہ مزید تحقیقات کے لیے ایکسچینج کا کمپیوٹر بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد سرکل فخر سلطان وصال کے مطابق دونوں کرنسی ایکسچینجز کےمالکان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی: ایف آئی اے کی حوالہ ہنڈی کے خلاف کارروائی، 42 کروڑ روپے برآمد

خیال رہے کہ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی جانب سے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی اور کرنسی کی مشکوک تجارت کے خلاف بھرپور کارروائی شروع کرنے کے اعلان کے بعد ایف آئی اے نے کارروائیوں کا آغاز کردیا تھا۔

ایف آئی اے 7 اپریل کو لاہور کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران 4 کروڑ مالیت کی کرنسی برآمد کرلی تھی اور 3 افراد کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔

بعد ازاں 10 اپریل کو اسلام آباد سے ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا تھا اور ان کے قبضے سے 10 لاکھ روپے مالیت کی غیرملکی کرنسی بھی برآمد کرلی گئی تھی۔

اسی طرح 12 اپریل کو ایف آئی اے نے کراچی میں حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 42 کروڑ روپے سے زائد رقم برآمد کی تھی اور 3 مبینہ ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں