اسلام آباد سے لاپتہ چینی شہری کی لاش بر آمد

اپ ڈیٹ 20 اپريل 2019
چینی باشندے کے دوست کے مطابق لی جن کیونگ دوائیں لینے نکلا تھا تاہم واپس نہیں لوٹا — فائل فوٹو/رائٹرز
چینی باشندے کے دوست کے مطابق لی جن کیونگ دوائیں لینے نکلا تھا تاہم واپس نہیں لوٹا — فائل فوٹو/رائٹرز

اسلام آباد سے لاپتہ ہونے والے چینی شہری کی لاش ایکسپریس وے کے نزدیک اقبال ٹاؤن سے بر آمد کرلی گئی۔

ہلاک چینی باشندے کے دوست کی درخواست پر کوہسار پولیس اسٹیشن میں درج فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں کہا گیا تھا کہ لی جن کیونگ 13 اپریل کو اسلام آباد پہنچے تھے جس کے 2 روز بعد وہ دوائیں لینے کے لیے گھر سے باہر نکلے تھے لیکن واپس نہیں لوٹے۔

پولیس نے اس وقت پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 365 (اغوا) کے تحت مقدمہ درج کر لیا تھا۔

مزید پڑھیں: مغوی چینی شہریوں کی ہلاکت کی تحقیقات جاری ہیں:دفتر خارجہ

ایف آئی آر میں لی کے دوست کا کہنا تھا کہ ’چینی باشندہ اپنا موبائل فون، پاسپورٹ اور دیگر سامان کمرے میں ہی چھوڑ کرگیا تھا اور ان کو مقامی زبان بھی نہیں آتی تھی‘۔

سپرینٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) عمر خان کے مطابق چینی باشندے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال روانہ کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’چینی باشندے کی ہلاکت کو ابھی قتل قرار دینا قبل از وقت ہوگا‘۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں چینی مبلغوں کا قتل: چین میں مسیحیوں کے خلاف کریک ڈاؤن

انہوں نے کہا کہ ’لاش پر سر پر واضح چوٹ کسی چاقو یا گولی کی نشان دہی نہیں کرتی، اِس سے لگتا ہے کہ چینی باشندے کا سر پتھر یا کسی ڈنڈے سے ٹکرایا تھا تاہم حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آسکیں گے‘۔

عمر خان کا کہنا تھا کہ رپورٹ سامنے آنے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ ایف آئی آر میں قتل کی دفعات شامل کی جانی چاہیے یا نہیں۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ’واقعے کی تحقیقات کو ہومیسائیڈ (قتل) یونٹ کے حوالے کردیا گیا ہے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں