مظاہرین کی ہلاکت پر انڈین کشمیر میں ہڑتال

شائع July 19, 2013

ہڑتال کے موقع پر سیکورٹی اہلکار، خاردار تاریں بچھا رہے ہیں -- اے ایف پی فوٹو
ہڑتال کے موقع پر سیکورٹی اہلکار، خاردار تاریں بچھا رہے ہیں -- اے ایف پی فوٹو

سری نگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں گزشتہ روز سیکورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے چار مظاہرین کی ہلاکت کے خلاف آج ہڑتال کی جا رہی ہے۔

جمعرات کو بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں نے سری نگر سے 230 کلومیٹر جنوب میں گول میں واقع کے اپنی بیس پر جمع ہونے والے مظاہرین پر گولی چلا دی تھی۔

یہ مظاہرین گول میں ایک مدرسے کی تلاشی کے دوران فوجیوں کی طرف سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف مظاہرہ کرنے کے لئے جمع ہوئے تھے۔

پولیس افسران نے فائرنگ کے نتیجے میں ابتدائی طور پر چھ مظاہرین کی ہلاکت کا بتایا تھا۔

تاہم انسپکٹر جنرل آف پولیس، راجیش کمار نے جمعہ کو وضاحت کی کہ واقعہ میں صرف چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

کمار نے اے ایف پی کو بتایا کہ اصل میں مرنے والوں کی تعداد چار ہے۔

'ہم امن و امان کا مسلہ نمٹانے میں مصروف تھے اور اس پہاڑی علاقے میں ٹیلی کمیونیکیشن کی خراب صورتحال کی وجہ سے تعداد کے بارے میں غلط فہمی پیدا ہوئی'۔

ایک علیحدگی پسند رہنما کی جانب سے ان ہلاکتوں کے خلاف تین روزہ ہڑتال کی کال پر خطے بھر کے شہروں میں دکانوں، بینکوں، اسکولوں اور زیادہ تر سرکاری دفاتر کو بند رکھا گیا۔

سری نگر سے ایک اے ایف پی رپورٹر نے بتایا کہ بڑے پیمانے پر مظاہروں کے پیش نظر پولیس اور نیم فوجی دستوں کے سینکڑوں اہلکار تعینات ہیں۔

ذرائع کے مطابق، احتجاجی ریلیوں کی قیادت کرنے سے روکنے کے لئے زیادہ تر علیحدگی پسند رہنماؤں کو یا تو زیر حراست لے لیا گیا یا پھر انہیں گھروں میں نظر بند کر دیا گیا ہے۔

حکام نے سرکاری طور پر شورش زدہ ہمالیائی علاقے میں کرفیو کا اعلان تو نہیں کیا تاہم رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انھیں اپنے کاروبار پر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

سری نگر کے قدیم محلے کے رہائشی، فرحان احمد نے اے ایف پی کو فون پر بتایا کہ فوجی دستے صبح سویرے ان کے علاقے میں نمودار ہوئے اور انہوں نے لوگوں کو گلیوں میں آنے سے منع کر دیا-

ریاست کے وزیراعلٰی عمرعبدللہ نے واقعہ کی مذمت کی ہے جبکہ ہندوستان کے وزیر داخلہ، سوشیل کمار شندے نے اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

دوسری جانب، پاکستانی کشمیر کے مرکزی شہر مظفر آباد میں پانچ سو کے قریب مظاہرین نے انڈین فورسز کے کارروائی کی مذمت میں جلوس نکالا۔

انہوں نے ہندوستان کے خلاف نعرے لگائے اور ہندوستانی پرچم کو بھی نذر آتش کیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

پاکستان کا ہندوستان فوج کے ہاتھوں کشمیریوں پر اظہار تشویش | Dawn Urdu Jul 19, 2013 06:25pm
[…] رہے کہ واقعے کے خلاف آج ہندوستانی کشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی اور کاروباری مراکز بند […]

کارٹون

کارٹون : 22 جون 2025
کارٹون : 21 جون 2025