شمالی وزیرستان میں دھماکا، 3 لیویز اہلکار شہید، ایک زخمی

اپ ڈیٹ 27 اپريل 2019
بارودی مواد شیواہ تحصیل میں ملک شاہی کے علاقے رغزئی میں قائم لیویز کی چیک پوسٹ کے ساتھ نصب کیا گیا تھا۔ — فائل فوٹو/آئی این پی
بارودی مواد شیواہ تحصیل میں ملک شاہی کے علاقے رغزئی میں قائم لیویز کی چیک پوسٹ کے ساتھ نصب کیا گیا تھا۔ — فائل فوٹو/آئی این پی

شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر دھماکے سے 3 لیویز اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

ضلعی انتظامیہ ذرائع کے مطابق بارودی مواد شیواہ تحصیل میں ملک شاہی کے علاقے رغزئی میں قائم لیویز کی چیک پوسٹ کے ساتھ نصب کیا گیا تھا۔

دھماکے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت زمیر زمان، عبدالولی اور نامبوت خان کے نام سے ہوئی۔

عینی شاہدین کے مطابق لیویز اہلکار جیسے ہی چیک پوسٹ پر پہنچنے تو دھماکا ہوگیا۔

مزید پڑھیں: پولیس اور لیویز 3 روز میں جنوبی وزیرستان خالی کردیں، دھمکی آمیز پمفلٹ تقسیم

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہید لیویز اہلکاروں کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’شہید ہونے والے اہلکاروں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دہشت گردی ایک ناسور ہے جس کا صفایا کرکے دم لیں گے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’دہشت گرد اس طرح کے حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا کیونکہ کوئی بھی مذہب معصوم اور بے گناہ لوگوں پر حملے کرنے کی اجازت نہیں دیتا‘۔

خیال رہے کہ چند روز قبل کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے جنوبی وزیرستان میں پمفلٹ تقسیم کیے تھے جس میں پولیس اور لیویز کو خبردار کیا گیا تھا کہ وہ 3 روز میں قبائلی علاقہ خالی کردیں۔

یہ بھی پڑھیں: جب تک زندہ ہوں ملک لوٹنے والوں کو معاف نہیں کروں گا، عمران خان

پمفلٹ میں مقامی افراد کو سرکاری حکام سے قطع تعلق کے لیے بھی کہا گیا۔

واضح رہے کہ ٹی ٹی پی کی جانب سے پمفلٹ سامنے آنے کے واقعے کے دو روز بعد وزیر اعظم نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کرنا تھا۔

کالعدم تنظیم کی جانب سے جاری کیے گئے پمفلٹ میں قبائلی عمائدین اور عوام کو خبردار کیا گیا تھا کہ وزیر اعظم کی تقریب میں شرکت نہ کریں تاہم 24 اپریل کو وزیر اعظم نے جنوبی وزیرستان کا دورہ بھی کیا اور وانا میں منعقدہ جلسے سے خطاب بھی کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں