صرف 5 دن میں ایک کھرب روپے سے زائد کمانے والی فلم

28 اپريل 2019
ایوینجرز اینڈ گیم کا ایک سین — فوٹو بشکریہ ڈزنی
ایوینجرز اینڈ گیم کا ایک سین — فوٹو بشکریہ ڈزنی

ایوینجرز اینڈ گیم نے محض 5 دن میں ایک ارب ڈالرز (ایک کھرب پاکستانی روپے سے زائد) کمانے کا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

ڈزنی اور مارول اسٹوڈیوز عام طور پر اپنی ریلیز فلموں پر باکس آفس پر تہلکہ مچاتے رہتے ہیں مگر ان کی نئی فلم نے جس کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، اس کی مثال نہیں ملتی۔

ایوینجرز اینڈگیم پر مارول یونیورس کے تیسرے مرحلے کا اختتام ہوا جس میں یہ سپر ہیروز گزشتہ سال کی فلم انفٹنی وار میں ولن کی چٹکی سے خاک بن جانے والے ہیروز کو واپس لانے کے لیے پھر اکھٹے ہوئے۔

اور اس نے ریلیز کے بعد صرف امریکا میں 3 دن کے اندر 35 کروڑ ڈالرز کمالیے جبکہ دنیا بھر میں مجموعی طور پر ایک ارب 20 کروڑ ڈالرز (ایک کھرب 69 ارب پاکستانی روپے سے زائد) کمانے میں کامیاب رہی۔

آج تک کسی فلم نے محض 5 دن (یہ فلم چین میں بدھ کو ریلیز ہوئی تھی) میں ایک ارب ڈالرز کا بزنس نہیں کیا اور یہ پہلا موقع بھی ہے جب کسی فلم نے اپنے پہلے ہفتے میں امریکا میں 30 کروڑ ڈالرز سے زائد کا بزنس کیا ہو، اس سے پہلے یہ ریکارڈ انفٹنی وار کے پاس تھا جس نے 25 کروڑ ڈالرز سے زائد کمائے تھے۔

یہ اعدادوشمار اس لیے بھی زیادہ حیرت انگیز ہیں کیونکہ فلم کا دورانیہ 3 گھنٹے سے زائد ہے مگر پھر بھی دنیا بھر میں سنیماﺅں میں لوگوں کا رش دیکھنے میں آیا۔

بھارت میں اس فلم نے 2 دن میں سو کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ کما کر رواں سال کی تمام فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا بلکہ گزشتہ سال ریلیز ہونے والی عامر خان کی ٹھگس آف ہندوستان کا پہلے روز سب سے زیادہ بزنس کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

ایسا مانا جارہا ہے کہ یہ فلم وہاں 3 دن میں ڈیڑھ سو کروڑ روپے سے زائد بزنس کرنے میں کامیاب ہوجائے گی اور یہ وہ ریکارڈ ہے جو آج تک عامر خان، سلمان خان یا شاہ رخ خان کی فلمیں بھی نہیں بناسکیں۔

ایوینجرز اینڈگیم کی تیاری پر 35 کروڑ ڈالرز سے زائد خرچ کیے گئے تھے جبکہ اس کی تشہیر پر بھی کروڑوں ڈالرز کا خرچہ ہوا مگر یہ فلم اب 2 ارب ڈالرز کمانے کی جانب جارہی ہے مگر یہ اواتار سے سب سے زیادہ بزنس کرنے کا ریکارڈ چھین کر اپنے نام کرسکے گی یا نہیں، اس بارے میں فیصلہ آنے والے ہفتوں میں ہوگا جو 2 ارب 78 کروڑ ڈالرز بزنس کے ساتھ اس وقت سرفہرست ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں