سعودی عرب: نیا حج کوٹہ ملنے پر ناکام درخواست گزاروں کو موقع دینے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 29 اپريل 2019
رواں سال پاکستان کا حج کوٹہ 2 لاکھ عازمین تک ہوگیا ہے — فوٹو: شٹر اسٹاک
رواں سال پاکستان کا حج کوٹہ 2 لاکھ عازمین تک ہوگیا ہے — فوٹو: شٹر اسٹاک

اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے سعودی عرب کی جانب سے نئے حج کوٹہ ملنے کے بعد حج اسکیم میں ناکام درخواست گزاروں کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور نے نئے کوٹے کی قرعہ اندازی کی سمری تیار کرلی ہے، جسے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستانی عازمین حج کے لیے اضافی کوٹے کا معاملہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے درمیان وزیر اعظم عمران خان نے اٹھایا تھا، جس کے بعد پاکستان کے لیے 16 ہزار افراد کے اضافی کوٹے کو شامل کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: حج قرعہ اندازی، ایک لاکھ7ہزار سے زائد ناموں کا اعلان

اس کوٹے کے اضافے کے بعد پاکستان کے لیے عازمین حج کا کل کوٹہ 2 لاکھ تک پہنچ گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اس نئے کوٹے کے اضافے کے بعد وزارت مذہبی امور نے ناکام رہ جانے والے درخواست گزاروں کو ایک اور موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں قرعہ اندازی کی جائے گی۔

مذکورہ ذرائع نے مزید بتایا کہ 16 ہزار کے اس نئے حج کوٹے کو بھی 60 فیصد سرکاری اور 40 فیصد نجی اسکیم کے تحت تقسیم کیا گیا ہے، جس کے تحت 9 ہزار 4 سو 74 عازمین سرکاری جبکہ 6 ہزار 316 نئے ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج پر جاسکیں گے۔

اس سلسلے میں ذرائع نے مزید بتایا کہ وزارت مذہبی امور نئے کوٹے کے لیے بینکوں سے رقم نکلوانے والوں کو دوبارہ رقم جمع کروانے کے لیے 4 دن کی مہلت دے گی جبکہ جن افراد کی رقم بینکوں میں موجود ہے وہ براہ راست نئی قرعہ اندازی میں شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن نے حج اخراجات میں اضافہ مسترد کردیا، سبسڈی دینے کا مطالبہ

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزارت خزانہ کی جانب سے تیار کی گئی سمری کی کابینہ سے منظوری کے بعد قرعہ اندازی کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان کے لیے حاجیوں کا کوٹہ ایک لاکھ 84 ہزار تھا جبکہ اس کو بھی 60 فیصد سرکاری جبکہ 40 فیصد نجی اسکیم کے تحت تقسیم کیا گیا تھا۔

اس سے قبل وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2019 کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت ملک کے شمالی علاقہ جات کے رہائشیوں کے لیے حج کی فی کس لاگت 4 لاکھ 36 ہزار 975 روپے ہے جبکہ جنوبی علاقے (کراچی، کوئٹہ اور سکھر) کے لیے 4 لاکھ 26 ہزار 975 روپے ہے، ان اخراجات میں قربانی کی لاگت شامل نہیں ہے، قربانی کے ساتھ یہ اخراجات 4 لاکھ 56 ہزار 426 روپے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں