پناہ گزیں اب آسٹریلیا نہیں، پاپوا نیو گنی جائیں گے

شائع July 19, 2013

آسٹریلیا کے وزیر کیون رڈ اور پاپوا نیو گنی کے وزیر اعظم پیٹل او نیل ریجنل سیٹلمنٹ ارینجمنٹ کے معاہدے پر دستخط کر رہے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

سڈنی: آسٹریلیا کے وزیر اعظم کیون رڈ نے اعلان کیا ہے کہ کشتیوں کے ذریعے آنے والے افراد کو آسٹریلیا میں مزید پناہ نہیں ملے گی جبکہ غیر قانونی طور پر آنے والے افراد کو ایک قدرے غریب ملک پاپوا نیوگنی بھیجا جائے گا۔

رڈ نے اپنے پاپوا نیو گنی کے ہم منصب پیٹل اونیل کے ہمراہ جمعہ کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سرحدی تحفظ کی نئی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب سے کوئی بھی پناہ حاصل کرنے کا خواہاں شخص جو کشتی کے ذریعے آسٹریلیا پہنچے گا، اسے آسٹریلیا میں پناہ گزین کا درجہ نہیں دیا جائے گا۔

آسٹریلیا میں پناہ لینے والے وہ افراد جو دور دراز کرسمس جزیرے پر پہنچتے ہیں، انہیں پاپوا نیو گنی کے مانوس جزیرے کے پراسیسنگ سینٹر بھیجا جائے گا یا بحرالکاہل کے کسی ملک میں کارروائی کے لیے روانہ کر دیا جائے گا چاہے ان کی تعداد کتنی ہی کیوں نہ ہو۔

رڈ نے کہا کہ اگر کوئی فرد واحد پناہ کا اصل حقدار بھی ٹھہرا تو بھی نئی پالیسی کے تحت وہ کسی طور پناہ گزیں کا درجہ حاصل نہیں کر سکے گا اور اسے پاپوا نیو گنی بھیجا جائے گا۔

وہ لوگ جن کی درخواست کامیاب سے ہمکنار نہیں ہوں گی انہیں بھی واپس ان کے آبائی ملک یا تیسری دنیا کے ملک بھیج دیا جائے گا۔

دونوں ملکوں کے سرابراہوں کی جانب سے جمعے کو علاقائی تصفیے کے نظام(ریجنل سیٹلمنٹ ارینجمنٹ) پر دستخط کیے گئے جو بارہ مہینے کے لیے نافذ العمل ہو گا جس پر فوری طور پر عمل درآمد کیا جائے گا اور پھر سالانہ بنیادوں پر اس کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس اقدام کا مقصد انڈونیشیا سے کشتی کا خطرناک سفر طے کر کے آسٹریلیا پہنچنے والوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے جنہیں خاص طور پر معاشی مہاجرین بھی کہا جاتا ہے جو بہتر زندگی کا خواب لیے آسٹریلیا کا رخ کرتے ہیں۔

وزیر خارجہ باب کار کا کہنا ہے کہ اس کیٹیگری میں کشتی کے ذریعے سفر کر کے آسٹریلیا پہنچنے والے پناہ گزینوں کی بڑی تعداد آتی ہے جن میں سے اکثر کا تعلق ایران اور سری لنکا سے ہے۔

ماہرین کے مطابق اس پالیسی سے انسانی اسمگلرز کی بڑے پیمانے پر حوصلہ شکنی ہو گی جو لوگوں آسٹریلیا پہنچانے کا وعدہ کرنے کے بعد انہیں بیچ سمندر میں ڈبو دیتے ہیں۔

رڈ نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران آسٹریلیا کے شمال میں سمندر کے بیچوں بیچ لوگوں کو سمندر میں غرق کرنے کے واقعات رونما ہوئے ہیں اور ہمارے ملک میں انسانی اسمگلرز کی بھی بڑی تعداد موجود ہے جو اس طرح کے واقعات میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاپوا نیو گنی کے اس تعاون کے بدلے ہم انہیں صحت، تعلیم اور قانون سمیت دیگر شعبوں میں وسیع پیمانے پر امداد فراہم کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 27 جون 2025
کارٹون : 26 جون 2025