سنگاکارا 'ایم سی سی' کے پہلے غیر برطانوی صدر مقرر

اپ ڈیٹ 02 مئ 2019
سنگاکارا نے ایم سی سی کی صدارت کو اعزاز قرار دے دیا—فائل/فوٹو: اے ایف پی
سنگاکارا نے ایم سی سی کی صدارت کو اعزاز قرار دے دیا—فائل/فوٹو: اے ایف پی

سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا کو میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کا پہلا غیر برطانوی صدر مقرر کر دیا گیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق ایم سی سی کے موجودہ صدر انتھونی وریفورڈ نے عظیم بلے باز کمار سنگاکارا کی بطور صدر تقرری کا اعلان کیا تھا، جو رواں برس اکتوبر میں ایک برس کے لیے ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

کمار سنگاکارا نے اپنے بیان میں کہا کہ ‘ایم سی سی کے اگلے صدر کے طور پر تقرری اعزاز کی بات ہے اور یہ ایک ایسا عہدہ ہے جس کے لیے میں پرعزم ہوں’۔

خیال رہے کہ کمار سنگاکارا پہلے ہی 'ایم سی سی' کے تاحیات رکن ہیں اور گزشتہ سات برس سے دنیائے کرکٹ میں بااثر تصور ہونے والی کرکٹ کمیٹی کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میرے لیے دنیا کے عظیم ترین کرکٹ کلب ایم سی سی کو دنیا بھر سے جوڑنا اور ہر سطح پر کرکٹ کے فروغ کے لیے کردار کو جاری رکھنا ہے’۔

ایم سی سی کی بنیاد 1787 میں رکھی گئی تھی اور اس کے زیر انتظام لارڈز کا تاریخی میدان بھی آتا ہے اور دنیا میں کرکٹ کے قوانین مرتب کرنے کی سربراہی بھی کرتا ہے۔

ایم سی سی کی تاریخ میں اب تک صدور کی فہرست 168 افراد پر مشتمل ہے جس میں ایک شاہی خاندان کا فرد شامل رہا ہے، لیکن کوئی غیر برطانوی اس کا صدر منتخب نہیں ہوا تھا۔

انتھونی وریفورڈ کا کہنا تھا کہ ‘جیسا کہ ایم سی سی اپنے دائرہ کار اور عالمی مقبولیت کو وسیع کرنا چاہتا ہے جس کے لیے میں بہت خوش ہوں کہ کمار سنگاکارا نے دعوت قبول کی ہے’۔

سنگاکارا کی جانب سے صدارتی پیش کش قبول کرنے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ‘انہوں نے رواں سال جنوری میں ایم سی سی کے اگلے صدر کے لیے ہامی بھری تھی’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘وہ میدان اور میدان سے باہر دونوں جگہ شاندار شخص ہیں اور کلب کے لیے اعلیٰ خدمات انجام دیں گے، ورلڈ کپ اور ایشز دونوں کے سال میں بطور صدر کے ان کے پاس خاص کردار ہوگا’۔

تبصرے (0) بند ہیں