سعودی تیل کمپنی آرامکو پر ڈرون حملہ

اپ ڈیٹ 14 مئ 2019
یہ اعلان یمن کے حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر تازہ حملوں کے دعوے کے بعد سامنے آیا۔
— فائل فوٹو/اے پی
یہ اعلان یمن کے حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر تازہ حملوں کے دعوے کے بعد سامنے آیا۔ — فائل فوٹو/اے پی

سعودی عرب کا کہنا ہے کہ ان کی ریاستی تیل کمپنی 'آرامکو' کے انفراسٹرکچر مقامات پر ڈرون سمیت متعدد حملے کیے گئے۔

یہ اعلان یمن کے حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر تازہ حملوں کے دعوے کے بعد سامنے آیا۔

سعودی عرب کے ریاستی خبر رساں ادارے سعودی پریس ایجنسی نے سعودی وزیر توانائی خالد الفلیح کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ’بحیرہ احمر پر قائم یانبو بندرگاہ کے پاس مشرق ۔ مغرب پائپ لائن کو تیل فراہم کرنے والے پیٹرولیم پمپنگ اسٹیشن پر صبح 6 سے ساڑھے 6 بجے کے دوران ڈرون سے حملے کیے گئے‘۔

مزید پڑھیں: مشرق وسطیٰ میں ٹینکر حملوں کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ

ان کا کہنا تھا کہ پائپ لائن کے ساتھ پمپنگ اسٹیشن پر حملے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، آرامکو نے عارضی طور پر نقصان کے بارے میں معائنہ کرنے تک پائپ لائن کے ذریعے پیٹرولیم کی پمپنگ روک دی ہے۔

سعودی عرب کے سیکیورٹی ادارے کا کہنا تھا کہ دارالحکومت ریاض کے خطے میں تیل کی 2 انفراسٹرکچر سائٹ پر اس ہی وقت علیحدہ حملہ کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ’ریاض کے خطے میں ال دودامی اور افیف کے علاقوں میں پیٹرولیم اسٹیشنز پر محدود نشانے بنائے گئے‘۔

یہ بھی پڑھیں: 'یو اے ای میں تخریب کاری کا نشانہ بننے والے 2 جہاز سعودی عرب کے ہیں'

خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے ساحل پر تخریب کاری کا نشانہ بنائے جانے والے 4 جہازوں میں سے 2 تیل بردار جہاز ان کے ہیں، جنہیں حملے میں شدید نقصان پہنچا۔

متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ کے ساحلی شہر کی بندرگاہ پر 4 جہازوں میں تخریب کاری کی کوشش پر متحدہ عرب امارات کی جانب سے مذمتی بیان سامنے آنے کے بعد سعودی عرب کی جانب سے یہ بیان جاری کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں