بدین جیل کے 4 قیدیوں میں ایڈز کی تشخیص

17 مئ 2019
360 قیدیوں کے خون کے نمونے لے کر ٹیسٹ کیے گئے — فوٹو: حنیف سموں
360 قیدیوں کے خون کے نمونے لے کر ٹیسٹ کیے گئے — فوٹو: حنیف سموں

ضلع بدین کی جیل کے 4 زیر تفتیش قیدیوں میں ایچ آئی وی کی تشخیص کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر بدین ڈاکٹر حفیظ احمد سیال نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ 4 قیدیوں میں ایچ آئی وی وائرس پایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جیل میں موجود ٹرائل کا سامنا کرنے والے 360 قیدیوں کے خون کے نمونے حاصل کرکے ان کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4 میں ایچ آئی وی ظاہر ہوا۔

ان کے مطابق یہ تمام قیدی ضلع ٹھٹہ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے تھے اور ان میں سے ایک قیدی کی عمر 15 سال ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 'اطلاع ملنے کے فوری بعد ہم نے اعلیٰ حکام کو متاثرین کے علاج کے لیے اطلاع دے دی اور جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت جاری کی ہے کہ ان قیدیوں کو ہسپتال منتقل کیے جانے تک تنہا کمرے میں رکھا جائے۔

ایڈز کنٹرول پروگرام کے انچارج ڈاکٹر ہارون میمن نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 4 تازہ کیسز کے بعد ضلع بدین میں ایڈز سے متاثرہ افراد کی تعداد 7 تک جا پہنچی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں