لاہور: عید کے روز ریلوے کرایوں میں 50 فیصد رعایت کا اعلان

شیخ رشید کے مطابق وہ صدارتی نظام کو نہیں دیکھ رہے نہ ہی اس کو ووٹ دیں گے — فوٹو: ڈان نیوز
شیخ رشید کے مطابق وہ صدارتی نظام کو نہیں دیکھ رہے نہ ہی اس کو ووٹ دیں گے — فوٹو: ڈان نیوز

لاہور ریلوے کے وفاقی وزیر شیخ رشید نے عید کے حوالے سے شہریوں کے لیے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے روز جو بھی ٹرین پر سفر کرے گا اس کا کرایہ آدھا ہوگا۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم نے کراچی میں سرکلر ریلوے ٹریک کا 43 کلومیٹر میں سے 34 کلومیٹر ٹریک خالی کرایا لیا ہے اور عید کے بعد 10 کلومیٹر کا ٹریک بھی خالی کروا لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں سندھ گورنمنٹ بلاوجہ نشانہ بنا رہی ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ آج انہیں 25 کروڑ 70 لاکھ روپے کی فراہمی کی یقین دہانی کروادے تو سندھ میں بھی سرکلر ریلوے پر ایم ایل ون کی طرح کام کرواں گا۔

مزید پڑھیں: معاشرہ من حیث القوم بدعنوان ہوچکا ہے، شیخ رشید

انہوں نے اعلان کیا کہ ہم اپنا ٹریک نجی ٹرینوں کو دینے کے لیے تیار ہیں، وہ اپنے لوکو موٹو بھی لا سکتے ہیں، ہمارے 60 لاکھ مسافر بڑھ گئے ہیں کوئی بھی فریٹ ٹرین خالی نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جے اے کے 20 لوکو موٹو کو 30 مئی تک درست کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم امریکن سفیر کو بھی لکھ رہے ہیں اگر معیار پر پورا نہ اترے تو کمپنی کے زرِ ضمانت 10 فیصد کو کیش کروالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2 جون کو کراچی سے پشاور کے لیے ٹرین چلے گی اور اسی روزکوئٹہ سے راولپنڈی بھی ٹرین چلائی جائے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 5 سو ارب روپے کی ڈکیتی ہے ایک روپیہ بھی ٹریک پر نہیں لگایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایل این جی اسکینڈل: شیخ رشید نے نیب کو اہم دستاویزات دے دیں

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے چئیرمین قومی احتساب بیورو (نیب) کے خلاف جو مطالبہ کیا ہے اس کا مقصد ہے کہ ان کے خلاف ریفرنس دائر نہ کیا جاسکے۔

انہوں نے حال ہی میں سندھ میں سامنے آنے والے ایچ آئی وی اور ایڈز کیسز کے حوالے سے کہا کہ ایک ایسا وقت آئے گا کہ سندھ کے لوگوں کو ویزا درخواست دینے سے قبل ایڈز سے پاک ہونے کا سرٹیفکیٹ لینا ہو گا، دنیا میں پاکستان وہ ملک ہے جہاں ماؤں کو ایڈز نہیں بچوں کو ایڈز ہورہا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ میں نے شہباز شریف کو خود این آر او کے لیے بھیک مانگتے دیکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'آئی ایف ایم' وقت کی مجبوری ہے، چینی مہنگی ہوئی آٹا مہنگا ہوا، وہ سب پچھلے چوروں کی وجہ سے ہے اور الزام لگایا کہ مہنگائی کے ذمہ دار کینگ آف فور ہیں، جن میں شہباز شریف، نواز شریف اور آصف زرداری شامل ہیں۔

بھارت کے حالیہ انتخابات کے حوالے سے شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ نریندر مودی نے کسی مسلمان کو سیٹ نہیں دی اور مسلمان سے ووٹ نہیں مانگا، بھارت اس وقت امریکا کی گود میں جا بیٹھا ہے اور ساتھ ہی تجویز دی کہ پاکستان کو آئندہ چند دنوں تک محتاط رہنا ہوگا۔

مزید پڑھیں: بلاول پر تنقید، پیپلز پارٹی کا شیخ رشید کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ نہیں ہوگی جبکہ نریندر مودی پاکستان کو اندر سے توڑنے کی کوشش کرے گا، بین الاقوامی سیاست میں آئندہ ماہ پہلے سے زیادہ خطرناک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے پاس 35 ٹرینیں ہیں جو ان سے مانگ لی ہیں، 29 مئی تک اگر وہ یہ ٹرینیں دیتے ہیں تو ٹھیک ہے ورنہ وہ جانے ان کی ٹرینیں جانیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ میں صدارتی نظام کو نہیں دیکھ رہا نہ ہی اس کو ووٹ دوں گا۔

تبصرے (0) بند ہیں