ازبکستان کے نائب وزیراعظم کی عمران خان کو ریلوے منصوبے پر بریفنگ

28 مئ 2019
وزیراعظم پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی، توانائی اور ثقافتی اشتراک کی اہمیت پر بھی زور دیا — فوٹو: اے پی پی
وزیراعظم پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی، توانائی اور ثقافتی اشتراک کی اہمیت پر بھی زور دیا — فوٹو: اے پی پی

اسلام آباد: ازبکستان کے نائب وزیراعظم نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کو افغانستان سے ملانے والے بین الاقوامی ریلوے روٹ کے منصوبے سے متعلق بات چیت کی۔

اجلاس کے بعد وزیراعظم ہاؤس سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ 'ازبک نائب وزیراعظم علیور غنیوف نے ٹرانسپورٹ ریلوے کوریڈور ازبکستان-مزارشریف-کابل-پشاور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی'۔

علیور غنیوف کے وفد میں نائب وزرا برائے سرمایہ کاری، بین الاقوامی تجارت اور ٹرانسپورٹ شامل تھے۔

مزید پڑھیں: ازبکستان کے نائب وزیراعظم 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ریلوے منصوبہ نہ صرف پاکستان، افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے لیے فائدہ مند ہوگا بلکہ اس سے خطے میں چین اور یورپ کے ساتھ روابط میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سیاسی، معاشی، توانائی اور ثقافتی اشتراک کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے رواں سال بیجنگ میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم (بی آر ایف) میں ازبکستان کے وزیراعظم شاوکت مرزیوو سے ملاقات کی تھی۔

دونوں سربراہان کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور روابط بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی تھی۔

وزیراعظم سے ملاقات سے قبل ازبک وفد نے دفتر خارجہ میں دو طرفہ تعلقات، معاشی اور تجارتی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی تھی جس میں دونوں فریقین نے بین الاقوامی اور خطے کی ترقی پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر خارجہ کی ازبک ہم منصب سے ملاقات، باہمی تعاون بڑھانے پر زور

حالیہ ملاقات میں گذشتہ ملاقات میں سربراہان کے درمیان کیے گئے فیصلوں کا جائزہ بھی لیا گیا تھا۔

مذاکرات کے دوران علیور غنیوف نے ازبکستان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کے وفد کی قیادت کی تھی، دونوں فریقین نے دو طرفہ تجارت کا حجم 30 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مغربی ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ازبک نائب وزیراعظم نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی رپورٹ کے مطابق دونوں فریقین نے خطے کی سیکیورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ ازبکستان، پاکستان کا برادر ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے خطے میں نہ صرف استحکام اور امن میں بہتری میں مدد ملے گی بلکہ معاشی ترقی میں بھی اضافہ ہوگا۔   علیور غنیوف نے ملک میں دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور خطے میں امن اور استحکام قائم کرنے پر پاک فوج کے کردار کو سراہا۔


یہ خبر 28 مئی 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں