امریکا: ورجینیا میں فائرنگ سے 11 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 01 جون 2019
فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 6 افراد بھی زخمی ہوئے — فوٹو: اے پی
فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار سمیت 6 افراد بھی زخمی ہوئے — فوٹو: اے پی

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ریاست ورجینیا میں میونسپل کی عمارت میں فائرنگ کے نتیجےمیں 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق واقع میونسپل کی عمارت پر ادارے کے دلبرداشتہ ملازم نے ورجینیا بیچ کے علاقے میں فائرنگ کی تھی جو موقع پر ہی پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہوگیا۔

ورجینیا بیچ پولیس چیف جیمز سرویرا نے کہا کہ فائرنگ میں پولیس اہلکار سمیت 6 افراد بھی زخمی ہوئے تاہم بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے اہلکار کی جان بچ گئی۔

اس حوالے سے سینتارا ہیلتھ کیئر نے ٹوئٹ کیا کہ 5 مریض سینتارا ورجینیا بیچ جنرل ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں اور ایک زخمی کو سینتارا نورفوک جنرل ہسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: امریکا: گیم زون میں فائرنگ سے 3 نوجوان ہلاک، 4 زخمی

سٹی کونسل وومن باربرا ہینلے، جو فائرنگ کے فورا بعد سٹی ہال کی عمارت پہنچی تھیں، نے بتایا کہ حملہ آور نے سٹی ہال کے برابر میں واقع میونسپل سینٹر کی عمارت نمبر 2 میں فائرنگ کی، جس میں شہر کے پبلک ورکس، پبلک یوٹیلیٹیز اور پلاننگ ڈپارٹمنٹس قائم ہیں۔

فائرنگ کا نشانہ بننے والی عمارت میں موجود ایڈمنسٹریٹو اسسٹنٹ میگن بانٹن کا کہنا تھا کہ انہوں نے فائرنگ کی آواز سنی، ریسکیو فون کیا اور ایک دروازہ بند کردیا۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم نے ہر شخص کو محفوظ کرنے کے لیے جو کرسکتے تھے وہ کیا، ہم سب بہت خوفزدہ تھے، ایسا محسوس ہورہا تھا کہ یہ سب حقیقی نہیں، کسی خواب کا حصہ ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا: شاپنگ مال میں فائرنگ سے 2 افراد زخمی

میگن بینتن نے کہا کہ انہوں نے اپنے والد کو ٹیکسٹ میسیج کیا کہ عمارت میں حملہ آور موجود ہے، جو فائرنگ کررہا ہے اور تمام افراد پولیس کا انتظار کررہے ہیں۔

وہ پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ کے ایک دفتر میں کام کرتی ہیں جہاں کا عملہ تقریبا 20 افراد پر مشتمل ہے۔

پولیس چیف جیمز سرویرا نے حملہ آور کی شناخت پبلک یوٹیلیٹیز ڈپارٹمنٹ کے ناراض ملازم کے طور پر کی، جس کا نام جاری نہیں کیا گیا۔

نورفوک میں فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے ترجمان کرسٹینا پیولین کا کہنا تھا کہ ایف بی آئی واقعے کی تحقیقات میں تعاون کررہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں