اسکالرشپ کی عدم ادائیگی، چین میں مقیم پاکستانی طلبا مشکلات کا شکار

اپ ڈیٹ 03 جون 2019
وزیراعلیٰ پنجاب نے طلبا کو فنڈز کی عدم ادائیگی پر برہمی کا اظہار کیا  — فوٹو: کریٹو کامنز
وزیراعلیٰ پنجاب نے طلبا کو فنڈز کی عدم ادائیگی پر برہمی کا اظہار کیا — فوٹو: کریٹو کامنز

لاہور: چین میں مقیم پاکستانی طلبا رواں مالی سال کی آخری سہ ماہی کے لیے اسکالرشپ فنڈ کی فراہمی میں تاخیر کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں، جس کی بنیادی وجہ سرکاری نااہلی اور دفتری امور کی طوالت ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے حکومتوں کے درمیان طے شدہ معاہدے کے تحت یونیورسٹی آف ایجوکیشن کو چین میں چینی زبان پڑھنے والے اور میرٹ کی بنیاد پر منتخب کیے گئے طلبا کو اسکالرشپ فنڈز کی ادائیگی جاری رکھنے کا کہا تھا۔

یونیورسٹی نے مالی تعاون فراہم کرنے تھے اور پنجاب ہائر ایجوکیشن نے مطلوبہ فنڈز جاری کرنے تھے۔

سوشل میڈیا پر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے ناقدین نے پنجاب حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسکالرشپ کا منصوبہ 2017 میں شہباز شریف کی جانب سے شروع کیا گیا، اس وقت چین میں 200 طلبا پر مشتمل تیسرا بیج چینی زبان سیکھ رہا ہے۔

مزید پڑھیں: چین میں اعلیٰ تعلیم کے لیے اسکالرشپ حاصل کرنا مشکل نہیں

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے طلبا کو فنڈز کی عدم ادائیگی پر برہمی کا اظہار کیا اور ہائر ایجوکیشن سیکریٹری سے رپورٹ طلب کی۔

انہوں نے کہا کہ آج (بروز پیر) تک 20 کروڑ روپے کے فنڈز کے اجرا کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں موجود ذرائع نے بتایا کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن نے واضح ہدایات کے باوجود وقت پر فنڈز جاری نہ کرکے پنجاب حکومت کو شرمندگی سے دو چار کیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یونیورسٹی کے پاس فنڈز موجود تھے، حکومت، چین میں زیرِ تعلیم طلبا کو سہولیات کی فراہمی کے لیے یونیورسٹی کو 15 فیصد انتظامی چارجز ادا کررہی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ہر سہ ماہی میں ادائیگیوں میں تاخیر کی وجہ سے یونیورسٹی آف ایجوکیشن کو ہائر ایجوکیشن اور محکمہ فنانس کی جانب سے تکنیکی بنیادوں پر تاخیر کی وجہ سے طلبا کو بر وقت ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کو اپنے ذاتی فنڈز میں سے اسکالرشپ کی رقم جاری کرنے اور اس کی واپسی کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو تحریری طور پر آگاہ کرنے کی ہدایت کی تھی لیکن یونیورسٹی نے ادائیگیوں میں تاخیر کردی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے تاخیر پر ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ سے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسی غیر ذمہ داری آئندہ برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ہونہار طلبہ کیلئے کولگیٹ ایک مرتبہ پھر لایا اسکالر شپ آفر

ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستانی طلبا کو غیر ملکی سرزمین پر کسی مشکل کا سامنا ہرگز نہیں ہونا چاہیے'۔

یونیورسٹی میں موجود ذرائع کا کہنا تھا کہ ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے طلبا کو اسکالر شپ فنڈ کی ادائیگی سے متعلق فارمل لیٹر بھیجنے میں تاخیر کی وجہ سے ایسا ہوا۔

یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤوف اعظم نے کہا کہ یونیورسٹی ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ہدایات موصول ہونے کے بعد فنڈز جاری کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی نے گذشتہ سہ ماہی کے لیے 25 کروڑ روپے جاری کیے تھے اور دیگر 20 کروڑ روپے آج جاری کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے خط موصول ہوچکا ہے۔

ڈاکٹر رؤوف اعظم نے کہا کہ یونیورسٹی نے تیسری سہ ماہی کے لیے چین میں مقیم طلبا کو 45 کروڑ روپے ادا کیے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں