بھارت: بی جے پی رکن اسمبلی کا خاتون پر سرعام تشدد

03 جون 2019
رکن اسمبلی کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کانگریس کی رکن بتائی جا رہی ہیں—اسکرین شاٹ
رکن اسمبلی کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کانگریس کی رکن بتائی جا رہی ہیں—اسکرین شاٹ

بھارتی ریاست گجرات سے بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی اسمبلی کے رکن بلرام تھوانی کی جانب سے ایک خاتون کو سرعام روڈ پر تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

مختصر دورانیے کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گجرات اسمبلی کے رکن بلرام تھوانی سرعام کئی افراد کی موجودگی میں خاتون کو تھپڑوں اور لاتوں سے تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) کے مطابق یہ واقعہ ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے نارودا ٹاؤن میں اس وقت پیش آیا جب متاثرہ خاتون نیتو تیجوانی دیگر خواتین و مقامی افراد کے ساتھ رکن اسمبلی کے دفتر کے باہر دھرنا دینے پہنچیں۔

خاتون اہل محلہ کے ساتھ رکن اسمبلی کے دفتر کے باہر احتجاج کرنے پہنچی تھیں—فوٹو: اے این آئی
خاتون اہل محلہ کے ساتھ رکن اسمبلی کے دفتر کے باہر احتجاج کرنے پہنچی تھیں—فوٹو: اے این آئی

متاثرہ خاتون اہل محلہ کے ساتھ پانی کی فراہمی نہ ہونے کے خلاف دھرنا دینے رکن اسمبلی بلرام تھوانی کے دفتر پہنچیں جہاں انہوں نے رکن اسمبلی کی غیر موجودگی میں نعرے بازی شروع کردی۔

متاثرہ خاتون کے مطابق احتجاج کے دوران رکن اسمبلی بلرام تھوانی نے آتے ہی میڈیا والوں سے کیمرا چھیننے کے ساتھ ساتھ ان سے بھی موبائل فون چھین کر انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا شروع کردیا۔

این آئی کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں بلرام تھوانی کو خاتون کو سرعام روڈ پر تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

رکن اسمبلی کی جانب سے روڈ پر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد وائرل ہوگئی اور لوگوں نے بلرام تھوانی کے خلاف بولنا شروع کیا تو انہیں بھی غلطی کا احساس ہوا اور متاثرہ خاتون سے معذرت کرلی۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد رکن اسمبلی نے خاتون سے معذرت کرلی—فوٹو: اے این آئی
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد رکن اسمبلی نے خاتون سے معذرت کرلی—فوٹو: اے این آئی

اے این آئی کے مطابق ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بلرام تھوانی متاثرہ خاتون کے ہاں پہنچے اور ان سے تشدد پر معذرت کرتے ہوئے انہں اپنی بہن بنا لیا۔

بلرام تھوانی کی جانب سے معذرت کیے جانے کے بعد متاثرہ خاتون نے بھی انہیں معاف کرکے اپنا بھائی بناتے ہوئے انہیں راکھ باندھ دی۔

رکن اسمبلی کے تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کانگریس کی کارکن ہیں اور وہ محلے میں پانی کے مسئلے پر منتخب نمائندوں سے بات چیت کرتی رہتی تھیں۔

خاتون نے تشدد کا نشانہ بنانے والے کو معاف کرتے ہوئے بھائی بنا لیا—فوٹو: اے این آئی
خاتون نے تشدد کا نشانہ بنانے والے کو معاف کرتے ہوئے بھائی بنا لیا—فوٹو: اے این آئی

تبصرے (0) بند ہیں