ملتان: دو گروہوں میں تصادم، فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 05 جون 2019
— فائل فوٹو/ رائٹرزوزیراعلیٰ پنجاب  عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔
— فائل فوٹو/ رائٹرزوزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

ملتان کی تحصیل جلال پور پیروالا میں دوگروہوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 13 شدید زخمی ہوگئے۔

جلال پور پیروالا کے نواحی علاقے درآب پور میں عید کی نماز کے بعد معمولی تنازع پر دو گروہوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے باعث ہلاکتیں ہوئیں۔

تصادم کے نتیجے میں کالا جعفر گروپ کے اور غلام نازک گروپ کے افراد جاں بحق ہوئے، دونوں گروہوں کی پرانی رنجش ہے اور مبینہ طور پر دونوں ڈکیت گروپ ہیں۔

علاقے کی کشیدہ صورتحال کے باعث تحصیل میں خوف کی فضا قائم ہے۔

صورتحال پر قابو پانے کے لیے ملتان سے پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع روانہ کی گئی جبکہ مظفرگڑھ اور لودھراں سے بھی پولیس کی نفری حالات کو قابو کرنے کے لیے پہنچی۔

دو گروہوں میں تصادم کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد رکن قومی اسمبلی رانا قاسم اور سینٹرل پولیس آفیسر ( سی پی او) ملتان عمران محمود بھی تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال پہنچے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ڈاکٹر کلیم اللہ کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9 ہے جبکہ 13 زخمیوں کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا گیا ہے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں تاحال زخمیوں کو ہسپتال منتقل کررہی ہیں، ریسکیو کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10 ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیا

ان کا کہنا تھا کہ انصاف کے تقاضے پورے کریں گے اور جاں بحق افراد کے لواحقین کو انصاف ملے گا۔

وزیراعلیٰ نے ریجنل پولیس آفیسر(آر پی او) ملتان وسیم خان سے واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ آر پی او نے دونوں گروپوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے اس سلسلے میں گھروں میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق چار لوگوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ مزید گرفتاریوں کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں