اصل زندگی کے بعد دپیکا فلم میں رنویر کی بیوی بنیں گی

دونوں کی شادی گزشتہ سال نومبر میں ہوئی تھی /فوٹو:اسکرین شاٹ
دونوں کی شادی گزشتہ سال نومبر میں ہوئی تھی /فوٹو:اسکرین شاٹ

بولی وڈ کی کامیاب جوڑی دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے گزشتہ سال شادی کرکے اپنے دوستوں اور مداحوں کو حیران کردیا تھا۔

رنویر اور دپیکا اپنے کیریئر میں کئی فلموں میں ساتھ کام کرچکے ہیں جس میں ’باجی راؤ مستانی‘، ’رام لیلا‘ اور ’پدماوت‘ شامل ہیں، اور اب شادی کے بعد ان دونوں نے ایک اور فلم میں ساتھ کام کرنے کا اعلان کردیا۔

یہ فلم کوئی اور نہیں بلکہ رنویر سنگھ کی فلم ’83‘ ہے جس کی شوٹنگ میں رنویر کئی ماہ سے بےحد مصروف ہیں۔

فلم ’83‘ کی کہانی بھارت کے مقبول کرکٹر کپل دیو کی زندگی پر مبنی ہے، جس میں رنویر کپل دیو کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

مزید پڑھیں: دپیکا پڈوکون کا رنویر سنگھ کی بیوی بننے سے انکار

فلم میں دپیکا پڈوکون کپل دیو کی اہلیہ رومی بھاٹیا کا کردار نبھا رہی ہیں۔

اب تک اس خبر کا کوئی آفیشل اعلان تو نہیں کیا گیا، البتہ دپیکا نے خود اپنے ایک انٹرویو میں اس خبر کی تصدیق کردی۔

ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’میں بےحد خوش ہوں کہ فلم کے ہدایت کار نے مجھے اس کردار کی آفر دی، کئی ماہ سے اس کردار پر بات چیت جاری ہے اور ہم آفیشل طور پر اس کا اعلان کرنے ہی والے تھے‘۔

فلم میں رنویر سنگھ کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے دپیکا نے بتایا کہ ’میں رنویر کے علاوہ کسی اور اداکار کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتی جو کپل دیو کا کردار نبھا سکے، لیکن اس کا یہ مطلب ہرکز نہیں کہ میں نے رنویر کی وجہ سے فلم سائن کی، اگر رنویر کے علاوہ کوئی اور بھی فلم میں یہ کردار نبھا رہا ہوتا تو میں فلم میں کام کرنے کی حامی دے دیتی‘۔

یاد رہے کہ فلم ’83‘ کی کہانی 1983 میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے ورلڈ کپ جیتنے کی کہانی پر مبنی ہے، اس دوران اس ٹیم کے کپتان کپل دیو تھے۔

فلم کی ہدایات کبیر خان دے رہے ہیں۔

’83‘ اگلے سال 10 اپریل کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں