شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس: وزیر اعظم عمران خان کرغزستان پہنچ گئے

13 جون 2019
وزیر اعظم عمران خان کی شرکت کرنے والے ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات متوقع ہے—فوٹو: ریڈیو پاکستان ٹوئٹر
وزیر اعظم عمران خان کی شرکت کرنے والے ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات متوقع ہے—فوٹو: ریڈیو پاکستان ٹوئٹر

وزیر اعظم عمران خان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کی کونسل کے 19ویں اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان پہنچ گئے، جہاں وہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے جانے والے عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی عثمان ڈار ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان اپنے دورے میں شنگھائی تعاون تنظیم کے 2 سیشن سے خطاب کریں گے، اس کے علاوہ ایس سی او کے ارکان اور مبصر ممالک سمیت اہم بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندگان شریک ہوں گے۔

مزید پڑھیں: عمران خان اور نریندرمودی کی ملاقات شیڈول نہیں، ترجمان بھارتی وزارت خارجہ

اجلاس کی سائیڈلائن پر وزیر اعظم عمران خان کی شرکت کرنے والے ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات متوقع ہے جبکہ اجلاس میں شریک رہنماؤں کی جانب سے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے معاہدوں پر دستخط کے علاوہ کئی فیصلوں کی منظوری دی جائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان 2017 میں شنگھائی تعاون تنظیم کا رکن بنا تھا، جس کے بعد سے وہ امور خارجہ، دفاع، قومی سلامتی، معیشت اور تجارت، سائنس اور جدت، نوجوان اور خواتین کو بااختیار بنانے، سیاحت اور ذرائع ابلاغ سمیت مختلف ایس سی او کےمختلف شعبوں میں متحرک طریقے سے شرکت کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کی انتخابات میں کامیابی پر نریندر مودی کو مبارکباد

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بشکیک میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی تھی اور فورم نے ان دستاویزات اور فیصلوں پر غور کرکے حتمی شکل دی جن پر سربراہان مملکت کی کونسل کے اجلاس میں دستخط کیے جائیں گے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ 13 اور 14 جون کو ہونے والے اس 2 روزہ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بھی شرکت کر رہے ہیں، تاہم ان دونوں رہنماؤں کی ملاقات شیڈول نہیں ہے۔

اس سلسلے میں گزشتہ ہفتے ترجمان بھارتی وزارت خارجہ نے دونوں وزرا اعظم کی متوقع ملاقات پر واضح کیا تھا کہ اجلاس میں دونوں وزرا اعظم کی ملاقات شیڈول نہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں