سوئس خاتون کا ریپ: چھ ملزمان کو عمر قید

نئی دہلی: ہندوستانی عدالت نے چھٹیاں منانے کیلیے آنے والی سوئیٹزرلینڈ کی سائیکلسٹ خاتون کا گینگ ریپ اور چوری کرنے والے چھ ملزمان کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔
ہندوستانی خبر رساں اداروں کے مطابق خصوصی عدالت کی جانب سے مقدمے کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد کیس کے پبلک برازیکیوٹر رجندرا تیواری نے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ملزمان کو مجرم قرار دے دیا گیا ہے اور ہم سب اس فیصلے پر مطمئن ہیں۔
سوئس خاتون کے ساتھ ریپ کا یہ واقعہ دہلی میں ماہ دسمبر میں فزیو تھراپی کی طالبہ کے ریپ کے تین ماہ بعد پیش آیا تھا جس پر ہندوستان بھر میں شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے تھے، مذکورہ طالبہ بعد میں شدید اندرونی زخموں کے باعث زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی تھیں۔
انتالیس سالہ سوئس خاتون اپنے شوہر کے ساتھ مدھیا پردیش کے ضلع داتیا میں سائیکلنگ کرنے کے لیے آئی تھیں جہاں مارچ کے مہینے میں ان افراد نے انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا، واقعے کے بعد ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے خاتون سے زیادتی کے دوران ان کے 30 سالہ شوہر کو رسیوں سے باندھ دیا تھا اور ریپ کرنے کے بعد ان کا سامان اور نقدی چوری کر لی تھی۔
چھ میں سے چار ملزمان پر گینگ ریپ کے الزامات لگائے گئے کیونکہ داتیا کے پولیس آفیسر ایم ایل لودھی کے مطابق واقعے کا نشانہ بننے والے افراد کے بیان کے مطابق یہ دو افراد صرف موقع واردارت پر موجود تھے۔
ان دو دیگر افراد پر حملے اور چوری کے الزمات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود ان کو بھی عمر قید کی سزا سنائی گئی۔
پولسی کے مطابق واقعے میں ملوث پانچ افراد کی عمریں 20 سے 30 سال کے درمیان ہیں اور یہ پیسے کے اعتبار سے کسان ہیں جبکہ چھٹے ملزم کی عمر حملے کے وقت 19 سال تھی۔
دہلی میں ہونے والے وحشیانہ گینگ ریپ کے بعد ہفتوں تک جاری رہنے والے مظاہروں کی وجہ ہندوستانی پارلیمنٹ نے جنسی تشدد کے قوانین سخت کرتے ہوئے گینگ ریپ کی کم سے کم سزا 20 سال یعنی دگنی کردی تھی۔
اس واقعے میں ملوث چھ میں سے چار ملزمان کا ٹرائل جاری ہے جن میں سے ایک نے مشتبہ طور پر مارچ میں خودکشی کر لی تھی جبکہ ایک کو کم عمر ہونے کے باعث بچوں کے قوانین کے تحت سزا دی جائے گی۔
ہندوستان میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران سیاحوں کے ریپ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
ہندوستانی پولیس کے مطابق جون میں امریکی سیاحوں کو ٹرک ڈرائیورز کے گروہ نے گینگ ریپ کا نشانہ بنایا تھا جس کی تفتیش جاری ہے جبکہ اسی ماہ کلکتہ میں آئرلینڈ کی چیریٹی رضاکار کا بھی ریپ کیا گیا تھا۔