منہ کا خراب ذائقہ کن مسائل کی نشاندہی کرتا ہے؟

22 جون 2019
اس کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں — شٹر اسٹاک فوٹو
اس کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں — شٹر اسٹاک فوٹو

اکثر ایسا ہوتا ہے جب کچھ بھی کھانا اچھا نہیں لگتا جس کی وجہ منہ میں کڑواہٹ یا یوں کہہ لیں کہ منہ کا خراب ذائقہ ہوتی ہے۔

مگر کیا منہ کا یہ خراب ذائقہ کسی قسم کے سنگین عارضے کی علامت بھی ہوسکتا ہے؟

جیسے کڑوا ہوان، عجیب سی کھٹاس یا مٹھاس کا احساس وغیرہ جیسے لاتعداد احساسات اس صورتحال میں محسوس ہوسکتے ہیں۔

اگر ایسا تجربہ ہو تو ذہن میں زور ڈالیں کہ ایسا کب سے ہورہا ہے اور اس کی وجہ کیا ہوسکتی ہے۔

اکثر منہ کے خراب ذائقے کی جو وجوہات ہوسکتی ہیں وہ درج ذیل ہیں۔

منہ پک جانا

منہ پک جانے سے حلق اور سفید میں سفید نشان بن جاتے ہیں اور یہ ایک انفیکشن ہوتا ہے جو ایسے بیکٹریا سے ہوتا ہے جو عام طور پر منہ میں موجود ہوتا ہے اور اس کا کام مدافعتی نظام کو کنٹرول کرنا ہوتا ہے، تاہم مدافعتی نظام کمزور ہوجائے تو یہ بیکٹریا بہت زیادہ تعداد میں بڑھنے لگتا ہے جس سے انفیکشن ہوجاتا ہے، اس میں منہ میں سفید نشانات کے ساتھ ایک علامت منہ کا ذائقہ عجیب ہونا بھی سامنے آتی ہے۔

زنک کی کمی

اگر جسم میں زنک کی کمی ہوجائے تو منہ کا ذائقہ بھی بدل جاتا ہے، تاہم اس کی وجہ کیا ہے، وہ طبی ماہرین تاحال جان نہیں سکے ہیں، تاہم ایک تحقیق کے مطابق اس کی ممکنہ وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ زنک ایک ایسے پروٹین کی مقدار بڑھانے میں مدد دیتا ہے جو ذائقے کی حس کو کنٹرول کرتا ہے۔

موسمی نزلہ زکام یا فلو

اگر زبان کا ذائقہ تلخ ہو جبکہ موسمی نزلہ زکام یا فلو کا بھی شکار ہوں تو فکرمند مت ہوں، یہ معمول کی بات ہے، اس طرح کے عام انفیکشن مدافعتی نظام کو چوکنا کردیتا ہے اور وہ پروٹٰن پروڈکشن سے اس سے لڑتا ہے، جس سے منہ کا ذائقہ کڑوا ہوجاتا ہے۔

ذیابیطس

اگر جسم کو بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مشکل کا سامنا ہو تو منہ میں ایک عجیب میٹھا ذائقہ سا محسوس ہونے لگتا ہے، طبی تحقیقی رپورٹس کے مطابق ایسا اسی وقت ہوتا ہے جب کوئی شخص ذیابیطس کا شکار ہو۔

حمل

قے اور متلی سے ہٹ کر حاملہ خواتین منہ میں ایک عجیب میٹالک ذائقے کی شکایت بھی کرتی ہیں، جس کی وجہ جسم میں آنے والی ہارمونز کی تبدیلیاں ہیں، جس سے حس ذائقہ اور سونگھنے کی حس متاثر ہوسکتی ہے۔

ذہنی تناﺅ

ذہنی بے چیی کے نتیجے میں منہ خشک ہونے لگتا ہے جس کے تنیجے میں منہ میں لعاب دہن کی مقدار کم ہوتی ہے، لعاب دہن کھانا ہضم کرنے اور نقصان دہ بیکٹریا سے لڑنے سمیت صحت کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے، تو اس کی ناکافی مقدار کے نتیجے میں منہ کا ذائقہ عجیب ہوجاتا ہے۔

ادویات کا اثر

کچھ مخصوص ادویات کے نتیجے میں منہ کا ذائقہ تلخ، نمکین یا میٹالک ہوسکتا ہے۔

منہ کی ناقص صفائی

ہمارا منہ متعدد اقسام کے بیکٹریا کا گھر ہوتا ہے جن میں سے کچھ صحت کے لیے فائدہ مند اور کچھ نقصان دہ ہوتے ہیں، اگر منہ کی صفائی جیسے دانتوں پر برش اور خلال کا خیال نہ رکھا جائے تو اس سے نقصان دہ بیکٹریا کی مقدار بڑھ جاتی ہے، جس سے بھی منہ کا ذائقہ بدل جاتا ہے، اس کے علاوہ دانتوں اور مسوڑوں کے مختلف مسائل کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں