خواجہ آصف بھی مریم نواز کے حامی، میثاق معیشت کی مخالفت کردی

اپ ڈیٹ 24 جون 2019
لیگی رہنما کے مطابق مریم نواز نے کہا کہ وہ بالکل درست اور پارٹی پالیسی کے مطابق ہے — فائل فوٹو/ٹوئٹر
لیگی رہنما کے مطابق مریم نواز نے کہا کہ وہ بالکل درست اور پارٹی پالیسی کے مطابق ہے — فائل فوٹو/ٹوئٹر

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے درمیان میثاق معیشت پر اختلافات کھل کر سامنے آرہا ہے جہاں پارٹی کے پارلیمانی رہنما خواجہ آصف نے بھی اپنی نائب صدر مریم نواز کے فیصلے کی تائید کردی۔

مریم نواز نے 2 روز قبل پریس کانفرنس کے دوران میثاق معیشت کو 'مذاق معیشت' قرار دے دیا تھا جبکہ ساتھ میں یہ بھی کہا تھا کہ اس معاملے میں پارٹی صدر شہباز شریف کی اپنی اور میری اپنی ذاتی رائے ہے۔

سیالکوٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 'یہ سچ ہے کہ میثاق معیشت اب مذاق معیشت بن چکا ہے، جو مریم نواز نے کہا کہ وہ بالکل درست اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پالیسی کے مطابق ہے'۔

مزید پڑھیں: مریم نواز نے اپنے چچا کا مذاق اڑایا اور پارٹی پر خودکش حملہ کیا، فردوس عاشق

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے جاری اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کو میثاق معیشت کی تجویز پیش کی تھی۔

تاہم اپنی پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پارٹی قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے میثاق معیشت کی مخالفت کردی ہے۔

مریم نواز کے موقف کے بعد یہ قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ ان کے اور شہباز شریف کے درمیان اختلافات سامنے آگئے ہیں۔

تاہم انہوں نے اسی روز اس قیاس آرائیوں کی بھی تردید کی تھی اور کہا تھا کہ ان کی اس بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر دیکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کے نائب صدر بننے کے خلاف درخواست، سماعت 17 جون کو مقرر

انہوں نے کہا تھا کہ ان کا اپنے چچا کے ساتھ عزت و پیار کا ایک رشتہ ہے اور چچا کو اعتماد میں لینا ان کی ذمہ داری ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے اپنی تقریر کے دوران اس میثاق معیشت کے حوالے سے بات کی تھی جو ابتدائی طور پر گذشتہ برس ستمبر میں تیار کیا گیا تھا۔

ادھر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ میثاق معیشت پر مزید بات چیت نہیں ہوگی، کم از کم مسلم لیگ (ن) تب تک اس مسئلے پر بات نہیں کرے گی۔


یہ خبر 24 جون 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں