گلگت: گھر میں آگ لگنے سے خاندان کے 5 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 29 جون 2019
پولیس نے واقعہ کے اسباب سے متعلق کچھ نہیں بتایا—فائل فوٹو: ڈان نیوز
پولیس نے واقعہ کے اسباب سے متعلق کچھ نہیں بتایا—فائل فوٹو: ڈان نیوز

گلگت: ضلع شِگر میں گھروں میں آگ لگنے سے بچوں اور خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ اپر شگر کے گاؤں بھاشا میں آگ نے 6 گھروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون، ان کے دو بیٹے، ایک بیٹی اور دادی جاں بحق ہوگئیں۔

یہ بھی پڑھیں: سردیوں کے دوران تحفظ یقینی بنائیں

پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت سکینہ، 7 سال کی بہن بانو ، 2 بھائی 5 سالہ علی حسن، 3 سالہ علی عباس کے نام سے ہوئی۔

آگ سے قریبی گھر بھی متاثر ہوئے تاہم پولیس نے واقعہ کے اسباب سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔

اس حوالے سے قیاس کیا جارہا ہے کہ متاثرہ خاندان نے سونے سے قبل سردی سے بچنے کے لیے ہیٹر چلایا ہوگا جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔

مزیدپڑھیں: پیرس کی عمارت میں آگ لگنے سے 9 افراد ہلاک

واقعے سے متعلق بتایا گیا کہ اڑوس پڑوس کے لوگوں نے متاثرہ گھر پہنچ کر دیگر افراد کو بچایا اور آگ پر قابو پایا، تاہم فوری طور پر علاقے میں مواصلات کی ناقص سہولیات کی وجہ سے ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ سے رابطہ نہیں ہوسکا۔

علاوہ ازیں ضلع شِگر کے کمشنر، ایس پی، جی بی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو 1122کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور اپنی خدمات پیش کیں۔

اس حوالے سے کمشنر بلتستان سید علی اصغر کا کہنا تھا کہ واقعے میں متاثرہ خاندان کو معاوضہ دیا جائے گا۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 29 جون 2019 کو شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں