بھارت کو ورلڈ کپ میں پہلی شکست، انگلینڈ کی فتح

اپ ڈیٹ 30 جون 2019
جونی بیئراسٹو اور جیسن روئے نے 160رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی— فوٹو: اے ایف پی
جونی بیئراسٹو اور جیسن روئے نے 160رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی— فوٹو: اے ایف پی

انگلینڈ نے ورلڈ کپ میں ناقابل شکست بھارت کی فتوحات کے تسلسل کو ختم کرتے ہوئے اہم میچ میں 31رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں روشن کر لی ہیں۔

برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

جیسن روئے اور بیئراسٹو نے اپنی ٹیم کو 22اوورز میں 160رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا،، اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب متبادل فیلڈر رویندرا جدیجا نے شاندار کیچ لے کر روئے کی 66رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

دوسرے اینڈ پر موجود بیئراسٹو نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی اور وہ 109 گیندوں پر 6 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 111رنز بنانے کے بعد محمد شامی کی وکٹ بنے۔

جونی بیئراسٹو کی 111 رنز کی اننگز میں 6 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے— فوٹو: رائٹرز
جونی بیئراسٹو کی 111 رنز کی اننگز میں 6 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے— فوٹو: رائٹرز

انگلینڈ کے کپتان ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف 1 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر جو روٹ کا ساتھ دینے بین اسٹوکس آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 70رنز کی شراکت قائم کر کے انگلینڈ کی بڑے اسکور کی امیدوں کو برقرار رکھا، روٹ 44رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ جوز بٹلر بھی صرف 20رنز ہی بنا سکے۔

بین اسٹوکس نے اپنی بہترین فارم کو برقرار رکھا اور اختتامی اوورز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 79رنز بنائے۔

انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 337رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں لیں جبکہ کلدیپ اور بمراہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

بھارتی فاسٹ باؤلر محمد شامی نے 5 وکٹیں لیں— فوٹو: اے ایف پی
بھارتی فاسٹ باؤلر محمد شامی نے 5 وکٹیں لیں— فوٹو: اے ایف پی

ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم ابتدا میں ہی لوکیش راہول کی خدمات سے محروم ہو گئی جو بغیر کوئی رن بنائے کرس ووکس کو انہی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد روہت شرما کا ساتھ دینے ویرات کوہلی آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 138رنز کی شراکت قائم کی، کوہلی 66رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

دوسرے اینڈ پر موجود روہت شرما نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے موجودہ ورلڈ کپ میں اپنی تیسری سنچری مکمل کی، وہ 102رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

ورلڈ کپ میں پہلا میچ کھیلنے والے ریشابھ پانٹ نے 32رنز بنائے اور چھکا مارنے کی کوشش میں وکٹ گنوا بیٹھے۔

ہردک پانڈیا نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45رنز کی اننگز کھیلی لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی بھارت کی میچ میں فتح کے امکانات بھی دم توڑ گئے۔

اختتامی اوورز میں مہندرا سنگھ دھونی نے چند ہاتھ دکھائے لیکن اس وقت تک بہت دیر ہو چکی تھی اور بھارتی ٹیم مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 306رنز ہی بنا سکی، دھونی نے 42رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کی جانب سے لیام پلنکٹ نے تین اور کرس ووکس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی انگلینڈ کی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات روشن ہو گئے ہیں اور وہ اگلے میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر براہ راست سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے۔

پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے لیے ناصرف پاکستان کو بنگلہ دیش کو شکست دینا ہو گی بلکہ نیوزی لینڈ کو اپنے اگلے میچ میں لازمی طور پر انگلینڈ کو مات دینا ہو گی۔

تبصرے (1) بند ہیں

dezi Jun 30, 2019 11:51pm
India lost this match intentionally to kill any hope of Pakistan to play in semi-finals. India is more scared of Pakistan to play in semis or finals than it's from other teams.