رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے پیچھے جعلی اعظم ہیں، مریم نواز

اپ ڈیٹ 02 جولائ 2019
مریم نواز نے رانا ثنااللہ کی گرفتاری کو مضحکہ خیز قرار دیا — فائل/فوٹو:ڈان نیوز
مریم نواز نے رانا ثنااللہ کی گرفتاری کو مضحکہ خیز قرار دیا — فائل/فوٹو:ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پارٹی کے سنیئر رہنما رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کو اس کا ذمہ دار قرار دے دیا۔

مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ٹویٹر' پر اپنے بیان میں کہا کہ انسدد منشیات فورس (اے این ایف) کا رانا ثنا اللہ سے کیا لینا دینا تھا، اس سے بڑی مضحکہ خیز بات نہیں ہوسکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ کو ان کے واضح اور دلیرانہ موقف کی وجہ سے گرفتار کیا گیا، جعلی اعظم چھوٹے ذہن کے مالک ہیں اور رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے پیچھے براہ راست وہ خود ہیں۔

رانا ثنا اللہ کی گرفتاری لاقانونیت،سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے،شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بھی رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کی مذمت کی۔

شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ بغیر الزام رانا ثنا اللہ کی گرفتاری لاقانونیت اور سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔

مزید پڑھیں:مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کو اے این ایف نے گرفتار کرلیا

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مخالفین کی گرفتاری کے لیے اداروں کو استعمال کرنا افسوس ناک ہے۔

شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ رانا ثنا اللہ کو فوری عدالت میں پیش کر کے بتایا جائے کہ ان پر کیا الزام ہے۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے بھی وزیر اعظم کو اس گرفتاری کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ رانا ثنااللہ کی گرفتاری میں عمران خان کا ذاتی عناد کھل کر سامنے آگیا ہے۔

گرفتاریاں حکومت کی کمزوری کو ظاہر کرتی ہیں، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دیا۔

بلاول بھٹو نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے اور یہ گرفتاریاں حکومت کی کمزوری کو ظاہر کرتی ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ رانا ثنااللہ ماضی میں پی پی پی کے سخت ناقد رہے ہیں اور اب موجودہ حکومت کے خلاف ایک توانا آواز تھے اور ان کی گرفتاری حکومت کی کمزوری اور بوکھلاہٹ ظاہر کرتی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ کو پنجاب کے علاقے سیکھکی کے نزدیک اسلام آباد - لاہور موٹر وے سے گرفتار کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں