یو یو ہنی سنگھ کے گانے کی شاعری بیہودہ قرار

04 جولائ 2019
ہنی سنگھ کا گانا مکھناں دسمبر 2018 میں ریلیز ہوا تھا—اسکرین شاٹ
ہنی سنگھ کا گانا مکھناں دسمبر 2018 میں ریلیز ہوا تھا—اسکرین شاٹ

بھارتی ریپر، گلوکار و موسیقار یو یو ہنی سنگھ جو ہمیشہ اپنے گانوں کے وائرل ہونے کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔

اس بار انہیں اپنے ایک سال پرانے گانے میں خواتین سے متعلق بیہودہ شاعری استعمال کرنے پر مقدمے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ یو یو ہنی سنگھ کے گزشتہ برس جاری ہونے والے گانے ’مکھناں‘ کی شاعری پر بھارتی ریاست پنجاب کی خواتین سے متعلق کام کرنے کمیشن کو اعتراضات ہیں اور انہوں نے پولیس سے گلوکار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق یو یو ہنی سنگھ کے دسمبر 2018 میں ٹی سیریز کے بینر تلے ریلیز کیے جانے والے گانے ’مکھناں‘ پر بھارتی ریاست پنجاب کی ویمن کمیشن کو اعتراض ہے، جس نے ریاستی پولیس کو گلوکار کے خلاف کارروائی کے لیے تحریری درخواست بھی دے دی۔

گانے کو اب تک 20 کروڑ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں—اسکرین شاٹ
گانے کو اب تک 20 کروڑ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں—اسکرین شاٹ

رپورٹ کے مطابق ریاست پنجاب کی ویمن کمیشن کی چیئرپرسن منیشا گلاٹی نے پنجاب پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کو تحریری طور پر خط لکھ کر گلوکار کے خلاف کرمنل کیسز کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

منیشا گلاٹی کا کہنا تھا کہ یو یو ہنی سنگھ نے ’مکھناں‘ میں خواتین سے متعلق انتہائی بیہودہ شاعری استعمال کی جو ناقابل قبول اور خواتین کی اہمیت کو کم کرنے کے مترادف ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یو یو ہنی سنگھ کی ’دل چوری ساڈا ہوگیا‘ کے ساتھ واپسی

خواتین کمیشن نے یو یو ہنی سنگھ کے گانے میں شامل ’میں ہوں ویمنزیئر‘ جملے پر اعٹراض کرتے ہوئے پولیس کو ان کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست دی ہے۔

منیشا گلاٹی نے بتایا کہ پولیس نے انہیں کیس کا جائزہ لے کر رواں ماہ 12 جولائی تک گلوکار کے خلاف کارروائی کرنے یا نہ کرنے سے متعلق آگاہ کرنے کا کہا ہے۔

خواتین کمیشن کو گانے میں استعمال کیے گئے لفظ ’ویمنزیئر‘ پر اعتراض ہے—اسکرین شاٹ
خواتین کمیشن کو گانے میں استعمال کیے گئے لفظ ’ویمنزیئر‘ پر اعتراض ہے—اسکرین شاٹ

خواتین کمیشن نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ گلوکار و گانے کے پروڈیوسر یعنی ٹی سیریز کےمالک بشن کمار کے خلاف کارروائی کرکے گانے پر پابندی عائد کی جائے۔

خیال رہے کہ ’مکھناں‘ کو دسمبر 2018 میں ریلیز کیا گیا تھا اور اسے یوٹیوب پر اب تک 20 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ گانے میں یو یو ہنی سنگھ کے ساتھ نیہا ککڑ اور سنگشٹا نے آواز کا جادو جگایا ہے۔

مزید پڑھیں: یویو ہنی سنگھ پاکستانی گلوکار کے دیوانے

گانے کی موسیقی یو یو ہنی سنگھ نے ترتیب دی ہے جب کہ وہ اس شاعری کے شریک لکھاری بھی ہیں۔

خواتین کمیشن کو گانے میں ’ویمنزیئر‘ کا لفظ استعمال کرنے پر اعتراض ہے، جس کی معنی ایک ایسے شخص کے طور پر لی جاتی ہیں جس کے بیک وقت متعدد خواتین سے غیر ازدواجی تعلقات ہوتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ویمن کمیشن کو گانے کے بول پر اعتراض کرنے کا خیال ہے 7 ماہ بعد آیا ہے۔

اس سے قبل بھی یو یو ہنی سنگھ پر گانوں میں نامناسب شاعری استعمال کرنے پر قانونی کارروائی کی جا چکی ہے، 2013 میں انہیں ’میں ہی بلاتکاری‘ گانا ریلیز کرنے پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ہنی سنگھ کی اہلیہ بھی گلوکارہ ہیں—فوٹو: ہندوستان ٹائمز
ہنی سنگھ کی اہلیہ بھی گلوکارہ ہیں—فوٹو: ہندوستان ٹائمز

علاوہ ازیں یو یو ہنی سنگھ پر گانوں میں عریانیت اور منشیات کے عام استعمال کو فیشن کے طور پر دکھائے جانے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

یو یو ہنی سنگھ کا پہلا مشہور بھنگڑا گانا ’لک 28 کڑی دا‘ 2011 میں ریلیز ہوا تھا، لیکن وہ اس گانے سے قبل ہی متعدد ایوارڈ حاصل کر چکے تھے۔

یو یو ہنی سنگھ نے بولی وڈ فلموں ’کاک ٹیل، چنئی ایکسپریس، باس، گھبر از بیک اور مستان‘ سمیت دیگر فلموں کے لیے بھی گانے گائے۔

یو یو ہنی سنگھ نے متعدد پنجابی و دیگر فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے، تاہم انہیں شہرت ریپر اور بھنگڑا گلوکار کے طور پر ہی ملی۔

ریپر نے گلوکار و موسیقار شیلنی تلوار سنگھ سے شادی کی ہے۔

یو یو ہنی سنگھ 2015 سے 2017 کے درمیان میوزک کی دنیا سے غائب بھی رہے تھے وہ انزائٹی اور ڈپریشن سمیت دیگر ذہنی مسائل کا شکار ہوگئے تھے اور پھر دسمبر 2017 میں انہوں نے میوزک کی دنیا میں واپسی کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں