منڈی بہاالدین میں ہر صورت عوامی جلسہ ہوگا، مریم نواز

06 جولائ 2019
انتظامیہ نے گراؤنڈ میں مبینہ طور پر پانی چھوڑ دیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
انتظامیہ نے گراؤنڈ میں مبینہ طور پر پانی چھوڑ دیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) نے منڈی بہاالدین میں عوامی جلسے کے انعقاد کی اجازت نہ ملنے کے باوجود ہر صورت میں جلسہ منعقد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

واضح رہے کہ منڈی بہا الدین کی انتظامیہ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو عوامی اجتماع کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، شہباز شریف

انتظامیہ کی جانب سے انکار کرنے کے بعد مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کہا کہ ’مریم نواز سے تو جان جاتی ہی ہے مگر جعلی حکومت کو اصل خوف نواز شریف کے پیچھے کھڑی عوامی طاقت کا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز اتوار کو منڈی بہا الدین جائے گی اور ضرور جائے گی۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت منڈی بہا الدین میں جلسے سے پارٹی کی عوامی رابطہ مہم کا آغاز کرے گی۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ انتظامیہ نے گراؤنڈ میں مبینہ طور پر پانی چھوڑ دیا جس کے بعد گراؤنڈ میں جلسے کا انتظام کرنا تقریباً ناممکن ہوگیا ہے۔

دوسری جانب مریم نواز کی سیکریٹری صائمہ فاروق نے اتنظامیہ کے ردعمل پر ٹوئٹ کیا کہ ’حکومت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے منڈی بہاالدین کا جلسہ ملتوی کروانا چارہی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ جلسے کی اجازت نہ دینا ظاہر کرتا ہے کہ حکومت مریم نواز سے کس قدر خوف زدہ ہے۔

مزیدپڑھیں: مسلم لیگ ن عدالتی فیصلہ مسترد کرتی ہے،شہباز شریف

صائمہ فاروق نے دعویٰ کیا کہ کل منڈی بہاالدین میں جلسہ اور مریم نواز کا خطاب شیڈول کے مطابق ہر صورت میں ہو گا۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سینما گراؤنڈ میں عوامی جلسے سے متعلق اعلان کے بعد منڈی بہاالدین میں لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد میں پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں