آئی ایم ایف پیکج: پاکستان کو 6 ارب ڈالر میں سے صرف ایک ارب 65 کروڑ ڈالر ملیں گے

08 جولائ 2019
حکومت کو رواں ہفتے 6 ارب ڈالر کے ای ایف ایف کے تحت ایک ارب ڈالر کی ادائیگی موصول ہونے کی توقع ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
حکومت کو رواں ہفتے 6 ارب ڈالر کے ای ایف ایف کے تحت ایک ارب ڈالر کی ادائیگی موصول ہونے کی توقع ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کو 4 سال کے عرصے میں موصول ہونے والے 6 ارب ڈالر کے مجموعی پیکج میں سے صرف ایک ارب 65 کروڑ ڈالر کی رقم موصول ہوگی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک سینئر عہدیدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سال سے شروع ہو کر 22-2021 تک 3 سال کے عرصے میں پاکستان کو آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر ملیں گے۔

جس میں سے 4 ارب 35 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی رقم سال 23-2022 تک واپس کرنا ہوگی جس کے بعد پاکستان کو موصول ہونے والی کل رقم محض ایک ارب 65 کروڑ ڈالر ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 6 ارب ڈالر قرض کی منظوری دے دی

انہوں نے بتایا کہ حکومت کو 6 ارب ڈالر کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلیٹی (ای ایف ایف) کے تحت رواں ہفتے ایک ارب ڈالر کی رقم موصول ہونے کی توقع ہے جس سے مختصر مدت میں غیر ملکی زرِ مبادلہ میں اضافہ ہوگا۔

تاہم گزشتہ 6 ارب 40 کروڑ ڈالر کے ای ایف ایف کی ادائیگی کا آغاز بھی ہوچکا ہے، گزشتہ ای ایف اف کے تحت آئی ایم ایف کی جانب سے 14-2013 میں ادائیگیوں کا آغاز ہوا تھا جو 2016 میں مکمل ہوگئیں تھی اور اب ان کی واپسی مارچ 2019 سے شروع ہوئی ہے جو جون 2026 تک جاری رہے گی۔

لہٰذا 3 سال کے دوران پاکستان کو رواں مالی سال میں 2 ارب 30 کروڑ ڈالر ملیں گے جس کے بعد اگلے سال ایک ارب 84 کروڑ 70 لاکھ اور مالی سال 22-2021 میں ایک ارب 84 کروڑ 70 لاکھ موصول ہوں گے۔

مزید پڑھیں: آئی ایم ایف کا بیل آؤٹ پیکج، پاکستانی معیشت کی بحالی یا پھندا؟

رواں مالی سال کے دوران پاکستان کو ایک ارب 4 کروڑ 50 لاکھ ڈاکر واپس ادا کرنے ہیں جس کے بعدایک ارب 16 کروڑ 70 لاکھ ڈالر اور سال 22-2021 میں ایک ارب 6 کروڑ ڈالر کی رقم لوٹانی ہوگی۔

اس کا مطلب پاکستان کو رواں مالی سال ایک ارب 26 کروڑ ڈالر آئندہ مالی سال میں 68 کروڑ ڈالر اور مالی سال 22-2021 میں 78 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی کی رقم موصول ہوگی

اس کے برعکس مالی سال 23-2022 میں آئی ایم ایف فنڈ کی جانب سے کوئی رقم حاصل نہیں ہوگی البتہ 53 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی رقم واپس ضرور کرنا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: 'آئی ایم ایف پروگرام سے ملک میں معاشی استحکام آئے گا'

چنانچہ سال 23-2022 تک پاکستان کو مجموعی طور پر 6 ارب ڈالر کا فنڈ موصول ہوچکا ہوگا جس میں سے 4 ارب 90 کروڑ ڈالر واپس بھی کیے جاچکے ہوں گے یوں 5 سال کی مدت میں ملنے والی کل رقم ایک ارب 10 کروڑ ڈالر ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں