کراچی: ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں خودساختہ 100 فیصد تک اضافہ کردیا

اپ ڈیٹ 08 جولائ 2019
مسافروں کے مطابق سفورہ چوک سے صدر جانے والی 11 سی بس کا کرایہ 20 روپے سے بڑھا کر 40 روپے کردیا گیا ہے۔ — فائل فوٹو/رائٹرز
مسافروں کے مطابق سفورہ چوک سے صدر جانے والی 11 سی بس کا کرایہ 20 روپے سے بڑھا کر 40 روپے کردیا گیا ہے۔ — فائل فوٹو/رائٹرز

کراچی: ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے پیٹرول کی قیمت مہنگی ہونے کو جواز بناتے ہوئے بسوں، کوچز اور منی بسز کے کرایوں میں 100 فیصد اضافہ کردیا۔

ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ گزشتہ 10 ماہ کے دوران سی این جی کی قیمت میں بھاری اضافے کے باوجود سندھ حکومت نے کرایوں میں گزشتہ 8 سال سے اضافہ نہیں کیا گیا جبکہ پنجاب حکومت 5 مرتبہ اضافہ کرچکی ہے۔

شہر کے ٹرانسپورٹرز کی اہم تنظیم کے رہنما نے ڈان کو بتایا کہ متعدد دیگر ایسوسی ایشن نے خودساختہ کرایوں میں اضافہ کیا اور ٹرانسپورٹرز برادری صوبائی حکومت کو کرایوں میں اضافہ کرنے کے لیے 10 جولائی کو شہر میں ہڑتال کریں گے۔

مزید پڑھیں: کراچی: تاجر ایکشن کمیٹی کا 3 روزہ ہڑتال موخر کرنے کا اعلان

مسافروں کے مطابق صفورہ چوک سے صدر جانے والی 11 سی بس کا کرایہ 20 روپے سے بڑھا کر 40 روپے کردیا گیا ہے۔

کنڈیکٹروں سے صوبائی حکام کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کی کاپی طلب کرنے کے سوال کے جواب میں مسافروں کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ایسا کوئی نوٹیفکیشن نہیں بلکہ کنڈکٹر بس اونرز ایسوسی ایشن کراچی کی جانب سے جاری کیا گیا لیٹر ہمیں دکھاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 'اضافی کرایہ دینے سے انکار کرنے پر کنڈکٹر مسافروں سے بس سے اترنے کا کہتے ہیں'۔

ہڑتال کی کال

دوسری جانب کراچی ٹرانسپورٹرز اتحاد (کے ٹی آئی) کے صدر ارشاد بخاری نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا ہے بلکہ 10 جولائی کو ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ چند ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے خودساختہ طور پر کرایوں میں اضافہ کردیا ہے کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ان کا کاروبار کرنا مشکل ہوتا جارہا تھا۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 8 جولائی 2019 کو شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں