ریپر بادشاہ کے بولڈ گانے کا نیا ریکارڈ

13 جولائ 2019
گانے کو ابتدائی 24 گھنٹوں میں 7 کروڑ 50 لاکھ بار دیکھا گیا—اسکرین شاٹ
گانے کو ابتدائی 24 گھنٹوں میں 7 کروڑ 50 لاکھ بار دیکھا گیا—اسکرین شاٹ

بھارتی ریپر، گلوکار اور موسیقار بادشاہ کے ریلیز ہونے والے نئے بولڈ گانے ’پاگل‘ نے ابتدائی 24 گھنٹوں میں نیا ریکارڈ بنا کر سب کو حیران کردیا۔

بادشاہ کے نئے گانے کو ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب پرابتدائی 24 گھنٹوں میں 7 کروڑ 50 لاکھ بار دیکھا گیا۔

اس اعزاز کے ساتھ ہی وہ بھارت اور دنیا کے پہلے گلوکار بن گئے ہیں جن کی کسی بھی ویڈیو کو یوٹیوب پر ابتدائی 24 گھنٹوں میں اتنی زیادہ بار دیکھا گیا۔

میوزک ویب سائٹ ’میوزیکلی‘ کے مطابق بادشاہ کے گانے کو جاری کرنے والی بھارتی میوزک کمپنی ’سونی میوزک‘ کے بھارتی و مشرقی وسطیٰ کے ڈائریکٹر نے دعویٰ کیا کہ ریپر کے گانے کو 24 گھنٹوں میں ریکارڈ بار دیکھا گیا۔

گانے کو اب تک 8 لاکھ 70 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے—اسکرین شاٹ
گانے کو اب تک 8 لاکھ 70 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے—اسکرین شاٹ

بھارتی میوزک کمپنی نے دعویٰ کیا کہ بادشاہ کا گانا اب دنیا بھر میں یوٹیوب پر ابتدائی 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا گانا بن چکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ یوٹیوب نے اس کی تصدیق نہیں کی، تاہم بھارتی میوزک کمپنی نے دعویٰ کیا کہ بادشاہ کے گانے ’پاگل‘ نے جنوبی کورین میوزک گروپ ’بی ٹی ایس‘ کے رواں برس ریلیز ہونے والے گانے کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

سونی میوزک کے مطابق جنوبی کورین میوزیکل بینڈ کے گانے کو ابتدائی 24 گھنٹوں میں 7 کروڑ 40 لاکھ بار دیکھا گیا تھا۔

گانے کو عالمی میوزیکل خیالات کے مطابق بنایا گیا، بادشاہ—اسکرین شاٹ
گانے کو عالمی میوزیکل خیالات کے مطابق بنایا گیا، بادشاہ—اسکرین شاٹ

ساتھ ہی کمپنی نے دعویٰ کیا کہ بادشاہ کے گانے کو امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کے گانے ’لک واٹ میڈ یو می‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

خیال رہے کہ یوٹیوب نے رواں برس اپریل کو ایک ٹوئیٹ کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ جنوبی کورین میوزیکل بینڈ ’بی ٹی ایس‘ کا گانا ’بوائے ود لو‘ ویب سائٹ پر ابتدائی 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والا گانا ہے۔

تاہم یوٹیوب نے یہ نہیں بتایا تھا کہ بی ٹی ایس کے گانے کو کتنی بار دیکھا گیا۔

ویب سائٹ میوزیکلی کے مطابق بی ٹی ایس کے گانے کو ابتدائی 24 گھنٹوں میں 7 کروڑ 40 لاکھ 60 ہزار بار دیکھا گیا تھا۔

دوسرے نمبر پر امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کا گانا گانے ’لک واٹ میڈ یو می‘ ہے، جسے ابتدائی 24 گھنٹوں میں 6 کروڑ 50 لاکھ بار دیکھا گیا تھا۔

امریکی گلوکار ٹیلر سوئفٹ کا گانا (تیسرے نمبر پر)

جنوبی کورین میوزک گروپ بی ٹی ایس کا گانا (دوسرے نمبر پر)

بھارتی ریپر بادشاہ کا نیا گانا (پہلے نمبر پر)

تبصرے (0) بند ہیں