دھونی نے ٹیم کی جگہ بھارتی فوج کی رجمنٹ کو جوائن کر لیا

اپ ڈیٹ 25 جولائ 2019
ورلڈ کپ میں سست رفتار بیٹنگ کی وجہ سے سابق کپتان کو تنقید کا سامنا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
ورلڈ کپ میں سست رفتار بیٹنگ کی وجہ سے سابق کپتان کو تنقید کا سامنا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

مہندرا سنگھ دھونی نے خود پر ہونے والی تنقید کے باوجود انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا البتہ انہوں نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے عدم دستیابی ظاہر کی ہے اور وہ بھارتی فوج کے کیمپ کو جوائن کریں گے۔

ورلڈکپ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کے بعددھونی پر ریٹائرمنٹ لینے کا دباؤ بڑھ گیا ہے اور میگا ایونٹ میں سست رفتار بیٹنگ کی وجہ سے سابق کپتان کو تنقید کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں: کب کب ٹیموں نے شائقین کرکٹ کو حیران کیا

مہندرا سنگھ دھونی ناصرف اب پہلے جیسی بلے بازی کی صلاحیت سے محروم ہو گئے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ بھارتی ٹیم مینجمنٹ اگلے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم تیار کرنا چاہ رہی ہے اور اسی وجہ سے دھونی کو مستقبل میں بھی بھارتی ون ڈے ٹیم کا حصہ بنائے جانے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔

رپورٹس کے مطابق سلیکٹرز کی جانب سے بھارتی ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز کے بارے میں سوچ بچار سے قبل ہی دھونی نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو یہ پیغام بھجوا دیا ہے کہ وہ ٹیم کو دو ماہ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

بھارتی ٹیم کے سابق کپتان بھارتی فوج کی رجمنٹ کو جوائن کریں گے اور اگلے دو ماہ تک اپنا بیشتر حصہ بھارتی فوج کے ساتھ گزاریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ورلڈ کپ میں سامنے آنے والے لمبی ریس کے 5 گھوڑے

یاد رہے کہ دھونی بھارت فوج کے ایک مخصوص دستے میں اعزازی لیفٹننٹ کرنل کا درجہ رکھتے ہیں اور اسی عہدے کے ساتھ رجمنٹ کو جوائن کریں گے۔

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سینئر عہدیدار کے مطابق دھونی اس وقت کرکٹ سے ریٹائر نہیں ہو رہے البتہ انہوں نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے عدم دستیابی ظاہر کی ہے کیونکہ وہ آئندہ دو ماہ پیرا ملٹری رجمنٹ کے ساتھ گزاریں گے۔

دھونی 2014 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے البتہ ون ڈے اور ٹی 20 کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں