اداکار کو عالیشان ہوٹل میں 'دو کیلے' آرڈر کرنا مہنگا پڑگیا

24 جولائ 2019
اداکار کو دو کیلے آرڈر کرنا مہنگا پڑ گیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
اداکار کو دو کیلے آرڈر کرنا مہنگا پڑ گیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

مہنگائی کے اس دور میں پھل پہنگے ہورہے ہیں یہ تو سب ہی جانتے ہیں لیکن کیا مہنگائی اتنی زیادہ ہوچکی ہے کہ اب دو کیلے کھانے کے لیے 400 روپے سے زائد کا بل بھرنا پڑ جائے گا؟

یقیناً کوئی بھی صرف دو کیلے کھانے کے لیے اتنی بڑی رقم دینے کو تیار نہیں ہوگا، لیکن ایسا ہی کچھ بولی وڈ اداکار راہول بوس کے ساتھ ہوا جو خود اس واقعے سے بےحد پریشان ہیں۔

51 سالہ راہول بوس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ بھارتی شہر چندی گڑھ کے ایک نہایت عالیشان ہوٹل میں موجود ہیں۔

اداکار نے بتایا کہ وہ اس ہوٹل کے جم میں ورزش کے لیے موجود تھے، جہاں انہوں نے بھوک لگنے کے باعث اپنے کمرے میں دو کیلے منگوائے۔

جم میں ورزش کے بعد کمرے میں جانے پر اداکار اس وقت حیران رہ گئے جب انہوں نے کیلوں کے ساتھ میز پر رکھے اس کے بل پر نظر ڈالی۔

بل کے مطابق پھل آرڈر کرنے کا بل 442 بھارتی روپے بنا جس میں سیلز ٹیکس بھی شامل ہے، جبکہ بل میں ان دو کیلوں کو 'فروٹ پلیٹر' لکھا گیا۔

ویڈیو کے آخر میں راہول نے تنقیدی انداز میں کہا کہ یہ کیلے ان کے لیے کچھ زیادہ ہی اچھے ہیں۔

اداکار نے اپنی ٹویٹ میں یہ بھی لکھا کہ 'آپ کو یقین کرنے کے لیے اسے دیکھنا بےحد ضروری ہے، کون کہتا ہے کہ پھل آپ کے وجود کے لیے نقصان دہ نہیں؟'

کام کے حوالے سے بات کی جائے تو راہول بوس نے فی الحال اپنی کسی فلم کا اعلان نہیں کیا، وہ آخری مرتبہ اسکرین پر گزشتہ سال ریلیز ہوئی فلم 'وشواروپم 2' کے ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے۔

تبصرے (1) بند ہیں

honorable Jul 25, 2019 08:53am
Just check the rates before u order.