اقتصادی رابطہ کمیٹی کی تشکیلِ نو کا نوٹی فکیشن جاری

اپ ڈیٹ 02 اگست 2019
مشیر خزانہ ای سی سی کے چیئرمین ہوں گے، نوٹی فکیشن—فائل فوٹو: ڈان نیوز
مشیر خزانہ ای سی سی کے چیئرمین ہوں گے، نوٹی فکیشن—فائل فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی حکومت نے وفاقی وزیر اقتصادی امور ڈویژن حماد اظہر کو اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا رکن مقرر کرنے کے ساتھ ہی کمیٹی کی تشکیل نو کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

وفاقی کابینہ نے 25 جولائی کو وزیر اقتصادی امور ڈویژن کو ای سی سی کا رکن مقرر کرنے کی منظوری دی تھی۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا ہر 3 ماہ بعد وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ

نوٹی فکیشن کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید اور وفاقی وزیر پیٹرولیم عمر ایوب بھی ای سی سی ارکان میں شامل ہیں۔

نوٹی فکیشن کے مطابق وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم، وفاقی وزیر میری ٹائم افیئرز سیّد علی حیدر زیدی اور وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ صاحبزادہ محمد محبوب سلطان بھی ای سی سی کے ارکان میں شامل ہیں۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار، نجکاری کے وزیر محمد میاں سومرو، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور آبی وسائل کے وزیر فیصل واڈا بھی ای سی سی کے ارکان کی فہرست میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کابینہ کا آخری اجلاس: اصغر خان کیس پر عملدرآمد کا معاملہ آئندہ حکومت کیلئے چھوڑ دیا

ای سی سی میں شامل ہونے والے دیگر ارکان میں مشیر تجارت اور مشیر ادارہ جاتی اصلاحات ہیں۔

نوٹی فکیشن کے مطابق حماد اظہر کے شامل ہونے کے بعد 'ای سی سی' میں اراکین کی مجموعی تعداد 15 ہوگئی ہے۔

مزید برآں نوٹی فکیشن کے مطابق مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ای سی سی کے چیئرمین ہوں گے۔

کابینہ کمیٹیوں کے فیصلوں کی تفصیلات

وفاقی حکومت نے کابینہ کمیٹیوں، قومی اقتصادی کونسل اور ایکنک کے اجلاس اور ان میں ہونے والے فیصلوں کی تفصیلات جاری کردی۔

فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق قومی اقتصادی کونسل کا ایک اجلاس ہوا جس میں 7 اہم فیصلے لیے گئے۔

علاوہ ازیں ایکنک کے مجموعی طور پر 5 اجلاس منعقد ہوئے اور اب تک31 فیصلے لیے گئے۔

مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ کا وزارتوں کی جائیداد فروخت کرنے کا فیصلہ

حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 42 اجلاس میں 356 فیصلے لیے گئے۔

دستاویزات کے مطابق کابینہ کی نجکاری کمیٹی کے 4 اجلاس منعقد ہوئے جس میں مجموعی طور پر 51 فیصلے ہوئے۔

اس ضمن میں مزید بتایا گیا کہ کابینہ توانائی کمیٹی کے 10 اجلاس میں 82 فیصلے ہوئے۔

پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی کابینہ کمیٹی کے اب تک 3 اجلاس ہوئے جن میں 22 فیصلے لیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: کابینہ کے 4 گھنٹے کے اجلاس میں 3 گھنٹے نواز شریف پر بات ہوتی ہے، احسن اقبال

فراہم کردہ دستاویزات کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی ادارہ جات کا صرف ایک اجلاس ہوا اور صرف ایک ہی فیصلہ لیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں