اپنے جسم میں نکلتی ہوئی توند کسی کو اچھی لگ سکتی ہے؟ خواتین اور مرد دونوں اپنی پھیلتی کمر اور نکلتے پیٹ سے پریشان ہوتے ہیں۔

مگر اس سے نجات پانا بہت مشکل لگتا ہے۔

تاہم پیٹ میں جمع ہونے والی اضافی چربی کو گھلانے کے آسان طریقے موجود ہیں جس سے آپ کا جسم چند ہفتوں یا مہینوں میں ایک مرتبہ پھر متناسب ہوسکتا ہے۔

پروٹین سے بھرپور غذا کا استعمال

ایسے کئی طبی شواہد سامنے آچکے ہیں کہ پروٹین پیٹ اور کمر کے ارگرد اکھٹی ہوجانے والی چربی کو گھلانے کی کنجی ہے، پروٹین ایک ہارمون پی وائی وائی کو ریلیز کرتا ہے جو دماغ کو پیٹ بھرنے کا پیغام بھیجتا ہے، یعنی پروٹین سے بھرپور غذا بسیار خوری سے روکتی ہے۔ مختلف طبی تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ زیادہ پروٹین والی غذائیں استعمال کرنے والے افراد میں توند کا امکان بہت کم ہوتا ہے، ایسی غذائیں میٹابولک ریٹ کو بڑھاتی ہے جبکہ ورزش سے مسلز بنانے میں بھی مدد ملتی ہے۔

ذہنی تناﺅ میں کمی لائیں

ذہنی تناﺅ جسم میں چربی اکھٹا کرنے کا باعث بنتا ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں کورٹیسول نامی ہارمون کا اخراج ہوتا ہے جو کھانے کی خواہش کو بڑھاتا ہے۔ لیکن ذہنی تناﺅ کو کیسے کم کریں؟ تو اس کے مختلف طریقے ہوسکتے ہیں تاہم چہل قدمی یا مراقبہ وغیرہ کمی لانے میں مدد دے سکتے ہیں۔

میٹھے پکوانوں کو زیادہ کھانے سے گریز

تمام غذاﺅں میں چینی ایسی چیز ہے جو دیگر اقسام سے مختلف ہوتی ہے، یہ کھانے کی خواہش پر کنٹرول ختم کرتی ہے جس کے نتیجے میں جسم میں چربی بڑھتی ہے۔ ریفائن چینی اکثر جنک فوڈز میں موجود ہوتی ہے جو صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں۔

جسمانی ورزشیں

جسمانی وزن میں کمی کے لیے ورزش کو معمول بنالینا ضروری ہے مگر بھاری وزن سے ورزش کرنا اس کا سب سے بہترین ذریعہ ہے، ویٹ لفٹنگ مسلز کے حجم کو بہتر بنانے اور برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے جبکہ اس سے میٹابولزم کو بڑھانے میں مدد ملتی ہے جس کا مطلب ہے کہ جسم چربی کو زیادہ تیزی سے گھلاتا ہے۔

نیند پوری کرنا

نیند مجموعی صحت میں بہتری کے لیے بہت ضروری ہے، خصوصاً جب جسمانی وزن کو کنٹرول کرنا ہو، سولہ سال تک جاری رہنے والی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ چھ گھنٹے سے کم نیند کے نتیجے میں پیٹ اور کمر کے گرد چربی جمع ہونے یا توند نکلنے کا خطرہ بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

مچھلی سے لطف اندوز ہوں

اومیگا تھری فیٹی ایسڈز صحت کے لیے بہت ضروری ہوتے ہیں اور یہ عمر بڑھنے سے جسم میں آنے والی تنزلی کی روک تھام بھی کرتے ہیں یا بڑھاپا طاری ہونے کا عمل سست کردیتے ہیں۔ مچھلی اس کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے اور یہ توند کو جلد گھلانے میں بھی مدد دینے والا جز ہے۔ ہفتے میں دو سے تین بار مچھلی کھانے کی کوشش کریں۔

یہ بھی پڑھیں : توند نکلنے کا بڑا سبب سامنے آگیا

تمباکو نوشی سے چھٹکارا

کینسر جیسے موذی مرض کے باوجود آپ تمباکو نوشی ترک کرنے کے لیے کوئی جواز ڈھونڈ رہے ہیں؟ اگر ہاں تو یہ عادت موٹاپے کا باعث بھی بنتی ہے، درحقیقت تمباکو نوشی پیٹ کے گرد چربی کے جمع ہونے کا باعث بنتی ہے جس کے نتیجے میں توند نکلنے لگتی ہے۔

پانی کو ترجیح

اگر میٹھے مشروبات کمر کو پھیلاتے ہیں تو ایک مشروب توند کو شرطیہ کم کرتا ہے اور وہ ہے پانی، یہ جسم کو ڈی ہائیڈریشن سے بچاتا ہے جس سے پیٹ نہیں پھولتا، جبکہ پانی کا زیادہ استعمال غذا کی اشتہا کو بھی کم کرتا ہے اور پیٹ بھی جلد بھر جاتا ہے۔

صحیح طرح چبانا

اگر آپ تیزی سے خوراک کو نگلتے ہیں تو یہ پیٹ کے پھولنے کا باعث بنتا ہے، کھانے کے صحیح آداب کا خیال رکھنا نہ صرف پیٹ کو صحیح شکل میں برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے بلکہ دوست اور رشتے دار بھی خوش ہوتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں