ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی 12 سال بعد ڈرامے میں ایک ساتھ

اپ ڈیٹ 22 اگست 2019
دونوں اداکار آخری مرتبہ محبت روٹھ جائے تو میں ساتھ نظر آئے تھے —فوٹو/ اسکرین شاٹ
دونوں اداکار آخری مرتبہ محبت روٹھ جائے تو میں ساتھ نظر آئے تھے —فوٹو/ اسکرین شاٹ

پاکستان کے نامور اداکار ہمایوں سعید اور عائزہ خان کے مداح ان کے نئے ڈرامے 'میرے پاس تم ہو' کا بے صبری سے انتظار کررہے تھے، جس کی پہلہ قسط سامنے آتے ہی انٹرنیٹ پر مقبول بھی ہوگئی۔

اس ڈرامے کی پہلی قسط کو صرف 5 روز میں 30 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

لیکن اس ڈرامے کی صرف خاص بات یہی نہیں کہ اس میں ہمایوں سعید اور عائزہ خان موجود ہیں بلکہ ایک اور خاص بات یہ بھی ہے کہ اس ڈرامے میں ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی 12 سال بعد ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔

ان دونوں نے آخری مرتبہ ایک ساتھ 2011 کے ڈرامے 'محبت روٹھ جائے تو' میں ایک ساتھ کام کیا تھا جو ہم ٹی وی پر نشر ہوا۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے دونوں اداکاروں نے اس ڈرامے میں کام کرنے کا تجربہ شیئر کیا۔

مزید پڑھیں: عائزہ وہ کردار ادا کرنے جارہی ہیں جو انہوں نے کبھی نہیں کیا

عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ 'میں اے آر وائے چینل کے ساتھ 15 سال بعد، ہمایوں سعید کے ساتھ 12 سال بعد اور عائزہ خان کے ساتھ پہلی مرتبہ کام کررہا ہوں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'ہم سب نے اس ڈرامے پر بے حد محنت کی ہے، کبھی مجھے ایسا لگتا تھا جیسے میں کوئی امتحان دینے جارہا ہوں، مشکل تھا میرے لیے، جس طرح اس ڈرامے کی لائنز لکھی گئی میرے لیے مشکل تھا انہیں یاد رکھنا، لیکن امید ہے کہ مداحوں کو ڈرامہ پسند آئے گا'۔

عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ 'اس ڈرامے کی کہانی 3 کرداروں پر مبنی ہے، اور یہی بات لوگوں کو متاثر کرے گی، میں ڈرامے میں ایک امیر شخص کا کردار نبھا رہا ہوں، جو عائزہ کے کردار کو متاثر کرے گا، کیوں کہ عائزہ ایک شاندار زندگی گزارنے کی خواہشمند ہے'۔

اداکار نے مزید کہا کہ 'میں یہ نہیں کہوں گا کہ میرا کردار ڈرامے کا ولن ہے، لیکن یہ ایک ایسی خاتون کو متاثر کرنے کی کوشش کرے گا جو پہلے سے یہ سب پسند کرتی ہے، دیکھا جائے تو اس ڈرامے کا ولن عائزہ کا کردار ہوگا'۔

دوسری جانب ہمایوں سعید کا اس ڈرامے کے حوالے سے کہنا تھا کہ 'یہ ڈرامے میاں بیوی کے رشتے کی ایک سادہ سی کہانی پر مبنی ہے، جن کے درمیان کئی غلط فہمیاں جنم لے لیتی ہیں، اسکرپٹ نہایت شاندار ہے'۔

ہمایوں نے مزید کہا کہ 'میرے کردار کو نہایت شاندار انداز میں تحریر کیا گیا، میرا کردار ایک ایسا شخص ہے جو اپنی بیوی سے بےحد محبت کرتا ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'بہت عرصے بعد میں ایسا کردار نبھانے جارہا ہوں، جو دوسروں کے لیے کچھ کرسکتا ہے لیکن بدلے میں اپنے لیے کچھ نہیں مانگتا'۔

'میرے پاس تم ہو' ڈرامے کی کہانی خلیل الرحمٰن نے تحریر کی، جس کی ہدایات ندیم بیگ دے رہے ہیں۔

یہ ہر اتوار رات 8 بجے اے آر وائے پر نشر ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں