• KHI: Asr 4:36pm Maghrib 6:15pm
  • LHR: Asr 4:03pm Maghrib 5:42pm
  • ISB: Asr 4:06pm Maghrib 5:47pm
  • KHI: Asr 4:36pm Maghrib 6:15pm
  • LHR: Asr 4:03pm Maghrib 5:42pm
  • ISB: Asr 4:06pm Maghrib 5:47pm

لاہور: خاتون کو ‘قابل اعتراض مواد’ سے بلیک میل کرنے والا ملزم گرفتار

شائع August 27, 2019
گرفتار ملزم کے قبضے سے دو موبائل برآمد کرلیے گئے ہیں—فائل/فوٹو:اے پی
گرفتار ملزم کے قبضے سے دو موبائل برآمد کرلیے گئے ہیں—فائل/فوٹو:اے پی

وفاقی تحقیاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر (سی سی آر سی) نے ایک خاتون کو ‘قابل اعتراض’ فوٹوز اور ویڈیوز کے ذریعے ہراساں اور بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

سی سی آر سی لاہور کے ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری سرفراز نے ایک بیان میں کہا کہ شیخوپورا کی رہائشی خاتون نے شکایت درج کرادی تھی کہ میری بہن کو ان کی مرضی کے بغیر بنائے گئے فوٹوز اور ویڈیوز کے ذریعے لاہور کے رہائشی ایک شخص کی جانب سے ہراساں اور بلیک میل کیا جارہا ہے۔

فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق درخواست گزار خاتون کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کا ان کی بہن سے رابطہ ہوا تھا جس کے بعد دونوں کی ملاقات ہوئی اور اس ملاقات کے دوران ملزم نے ‘دھوکے بازی سے ان کی قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز بنائی’ اور ان کا موبائل بھی چرالیا۔

مزید پڑھیں:خواتین کو آن لائن ہراساں، بلیک میل کرنے کے مختلف مقدمات میں 3 ملزمان گرفتار

انہوں نے کہا ہے کہ ملزم نے خاتون کو تین لاکھ روپے ادا کرنے پر مجبور کیا اور اب بلیک میلنگ کے ذریعے 5 لاکھ سے زائد رقم کا مطالبہ کررہا ہے۔

مقدمے کے اندراج کے بعد ڈپٹی ڈائریکٹر سی سی آر سی لاہور نے ایک تفتیشی ٹیم تشکیل دی جس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے قبضے سے دو موبائل برآمد کرلیے۔

ایف آئی اے کے متعلقہ سینٹر کے بیان کے مطابق ملزم سے برآمد ہونے والے ایک موبائل میں خاتون سے متعلق قابل اعتراض مواد بھی موجود ہے۔

تفتیشی ٹیم کی کارروائی کے حوالے سے بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘مبینہ مواد برآمد کرنے اور ناقابل تردید ثبوت ملنے کے بعد مشتبہ شخص کو گرفتار کرلیا اور برآمد موبائل فونز کو ایف آئی اے نے اپنے قبضے میں لے لیا’۔

یہ بھی پڑھیں:سائبر کرائم ایکٹ کے تحت عدالت نے پہلی سزا سنادی

ایف آئی آر کے مطابق گرفتار ملزم نے دوران تفتیش اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا ہے۔

مشتبہ شخص کے خلاف پریونشن آف الیکٹرونک کرائمز ایکٹ (پیکا) کی دفعہ 20، 21 اور 24 کے ساتھ ساتھ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 420 کے تحت مقدمہ درج کردیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے انسپکٹر صباحت نور کو مقدمے کی تفتیش کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ یہ پیش رفت ملائیشیا کی شہری سمیت کئی خواتین کو سوشل میڈیا کے ذریعے ہراساں اور بلیک میل کرنے کے الزام میں لاہور میں تین شہریوں کو ایف آئی اے کی جانب سے گرفتار کیے جانے کے بعد عمل میں آئی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Talha Aug 28, 2019 12:08pm
Media corruption, correption ka rolla tou dalta hai.....likin khud kabhiee bhiee sach nahin battata.......

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024