بھارتی فوج کی آزاد کشمیر کی وادی گریز میں شیلنگ سے دو افراد شہید

اپ ڈیٹ 27 اگست 2019
بھارتی شیلنگ سے 3 مساجد کو جزوی نقصان پہنچا—فائل/فوٹو:اے ایف پی
بھارتی شیلنگ سے 3 مساجد کو جزوی نقصان پہنچا—فائل/فوٹو:اے ایف پی

آزاد کشمیر کے نسبتاً محفوظ تصور کیے جانے والے ضلع نیلم کے مضافاتی علاقے گریز میں بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی اس پار سے بلااشتعال فائرنگ سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں دو افراد شہید اور43 زخمی ہوگئے۔

ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے افسر اخترایوب کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجیوں نے مارٹر گنز سے علاقے کو ‘بلاامتیاز’ نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی شیلنگ سے 40 سالہ عبدالجلیل شاہ اور 3 سالہ بچی نوشین شہید ہوگئیں۔

ڈیزاسٹر منیجمنٹ افسر کا کہنا تھا کہ زخمیوں کی شناخت اشفاق لون، غلام رسول، بگی بیگم اور ہاجرا بی بی کے نام سے ہوئی جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 2 بزرگ شہری شہید

وادی نیلم کے سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) آصف درانی نے گریس میں شہادتوں اور شہریوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔

اخترایوب کا کہنا تھا کہ شیلینگ کے باعث ہیلمات اور قریبی گاؤں کریم آباد میں کم ازکم دو گھروں جل کر راکھ ہوگئے تاہم ان گھروں کے مکین جان بچا کر محفوظ مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔

لوات کے مقامی صحافی طارق مقبول کا کہنا تھا کہ شیلنگ کے نتیجے میں تین مساجد کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے ایل او سی کے قریب نیکرو سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی اور 'جان بوجھ کر' شہریوں کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں تصدیق کی گئی کہ ’3 شہری زخمی ہوئے جبکہ 3 گھر جل گئے‘۔

یاد رہے کہ بھارتی فوجیوں نے وادی نیلم کو 30 جولائی اور 31 جولائی کو مسلسل دوروز تک شیلنگ کا نشانہ بنایا تھا جہاں 4 شہری شہید اور 21 زخمی ہوگئے تھے۔

بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ ماہ کے آخر میں آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں کلسٹر بم گرائے تھے تاہم کیل اور گریس کا علاقہ اس شیلنگ سے محفوظ رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:ایل او سی پر بھارت کا شہریوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری، 2 افراد زخمی

آزاد کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے رواں برس اب تک 37 شہریوں کو شہید اور 170 سے زائد کشمیریوں کو زخمی کردیا ہے۔

گزشتہ 2 برس میں بھارت نے ایک ہزار 9 سو 70 سے زائد مرتبہ ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف وزری کی۔

بھارتی فوج کی جانب سے 18 اگست کو ایل او سی پر کی گئی بلااشتعال فائرنگ سے آزاد کشمیر کے گاؤں ناگری میں 2 بزرگ شہری شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا تھا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے تتہ پانی سیکٹر پر مارٹرز اور ٹینک شکن گائیڈڈ میزائل کا استعمال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے ناگری گاؤں کے 75 سالہ لعل محمد اور 61 سالہ حسن دین نامی شہری شہید ہوگئے۔

تبصرے (0) بند ہیں